حج کے رکن اعظم کی ادائیگی کے بعد فرزندان توحید مزدلفہ کیلیے روانہ

حجاج مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے ساتھ نماز ظہروعصر میدان عرفات میں ادا کریں گے

عازمین حج نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے بعد ساتھ نماز ظہر اورعصر میدان عرفات میں ادا کی۔ فوٹو: فائل

دنیا بھر کے لاکھوں فرزندان توحید حج کا رکن اعظم " وقوف عرفہ " ادا کرنے کے بعد مزدلفہ روانہ ہونا شروع ہوگئے جہاں عازمین مغرب اور عشا کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے۔

آج لاکھوں فرزندان اسلام میدان عرفات پہنچے جہاں انہوں نے حج کا رکن اعظم ''وقوف عرفہ'' اداکیا۔ عازمین حج نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے بعد نماز ظہر اورعصر میدان عرفات میں ادا کی جہاں سورج ڈھلنے کے بعد عازمین مزدلفہ کے لیے روانہ ہورہے ہیں جبکہ مزدلفہ پہنچ کرمغرب اور عشاء کی نماز کی ایک ساتھ ادائیگی کے بعد شیطان کو مارنے کے لئے کنکریاں جمع کی جائیں گی اورحجاج کرام مزدلفہ میں رات گزارنےکےبعد 10 ذوالحجہ کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد قربانی کریں گے۔


سعودی عرب میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ 70 ہزار سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ مسجد کے 170 سے زائد دروازے کھول دیئے گئے ہیں۔ اس سال سب سے زیادہ ایک لاکھ 68 ہزار 800 عازمین انڈونیشیاسے آئے ہیں جب کہ پاکستان کا نمبردوسرا ہے جہاں سے عازمین کی تعدادایک لاکھ 43ہزار سے زائدہے۔ بھارت سے ایک لاکھ 36ہزار، بنگلہ دیش ایک لاکھ، نائیجیریا76ہزار، افغانستان24ہزار، ایران61ہزار، ترکی54ہزار، روس 16ہزار 400، امریکا 14ہزار500، چین سے11ہزار 800 عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ پاکستانی عازمین کی معاونت کے لیے 1600 اہلکاروںپر مشتمل عملہ تعینات کردیا گیاہے، ان میں 311معاونین حج اور 560مقامی خدام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 600افراد پر مشتمل حج میڈیکل مشن بھی اپنے فرائض انجا م دے گا۔ وزارت برائے مذہبی امورکے ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں اب تک 32 پاکستانی عازمین حج انتقال کرچکے ہیں۔ عازمین حج کو علاج کی سہولتیں مہیا کرنے کے لیے 25اسپتالوں میں 5200بستر تیار کر لیے ہیں۔ 141ہیلتھ سینٹربنائے گئے ہیں۔ 100ایمبولینس تیاررکھی گئی ہیں۔ مختلف مقامات پر 19ہیلی کاپٹر، آگ بھجانے والے 450یونٹ اور 3ہزار سے زائدبھاری مشینیں موجود رہیں گی۔

شاہ عبداﷲ نے عمرے کے لیے پیدل 7ہزار کلومیٹر سفرطے کرکے آنے والے فرانسیسی نومسلم شہری حمزہ کو حج مہمانوں میں شامل کرلیا ہے۔ گورنمنٹ اسکیم کے تحت جانے والے تمام پاکستانی حاجی آج یوم عرفات کے موقع پرمنٰی کی خیمہ بستی سے میدان عرفات جانے کے لیے مشاعرٹرین پرسفر کریں گے۔ 18کلومیٹر کایہ سفر صرف 15منٹ میں طے ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 150 کلو گرام سونے، چاندی کے تاروں اور 670 کلوگرام خالص ریشم سے تیارکیا جانے والے بیت اللہ کے غلاف کی تبدیلی کی روح پرور تقریب بھی منعقد ہوئی جس پر 2 کروڑ سعودی ریال لاگت آئی ہے۔
Load Next Story