ارے آپ پریشان کیوں ہیں۔۔۔

اپنے فیس بک پیج کو دیں ان مسائل سے نجات جن کا آپ روز سامنا کرتے ہیں

ناپسندیدہ پوسٹس سے اشتہارات تک، جو چاہیں اپنے پیج سے غائب کریں ۔ فوٹو : فائل

فیس بک کے استعمال کرنے والوں کو بہت سے ایسے مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو ان کے لیے درد سر بن جاتی ہیں۔ ان مسائل سے نجات کا طریقہ کوئی مشکل نہیں، لیکن نہ جاننے کے باعث لوگ یہ دردسر پالے رہنے پر مجبور رہتے ہیں۔ آئیے ہم آپ کو ان مشکلات سے چھٹکارے کے طریقے بتاتے ہیں:

٭نیوزفیڈ لائیں اپنے قابو میں:
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ فیس بک کی نیوزفیڈ میں ایسی پوسٹس ہمارے سامنے آجاتی ہیں جنھیں دیکھنا ہم پسند نہیں کرتے۔ یہ پوسٹس ہمارے لیے دل آزاری کا باعث اور تکلیف دہ ہوتی ہیں۔ یوں تو ایسی پوسٹ کو ڈیلیٹ کیے بغیر اپنی وال سے غائب کیا جاسکتا ہے، لیکن اس طرح مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ آپ کی فرینڈلسٹ میں شامل افراد میں سے کچھ لوگ تواتر کے ساتھ ایسی پوسٹس کرتے رہتے ہیں جنھیں آپ ناپسند کرتے ہیں اور جن سے آپ کو الجھن ہوتی ہے، لیکن تعلق کی نوعیت کی بنا پر آپ ایسے دوست کو ان فرینڈ بھی نہیں کرسکتے۔

یہ مسئلہ حل کرنا بہت آسان ہے۔ ایسی پوسٹس سے بچنے کے لیے اس دوست کے پروفائل پر جائیں جس کی پوسٹس سے آپ پریشان ہیں۔ پروفائل پر جاکر Following کے بٹن پر کلک کردیں۔ یوں وہ فوراً ان فالو ہوجائے گا اور آپ کو اس مسئلے سے نجات مل جائے گی۔ اب وہ جو بھی پوسٹ کرے گا وہ آپ کو نظر نہیں آئے گا اور اسے پتا بھی نہیں چلے گا کہ آپ کیا کارروائی کرچکے ہیں۔ اس دوست کی پوسٹس دوبارہ دیکھنے کے لیے آپ کو اس کے پروفائل پر جاکر اسی طرح اسے Follow کرنا پڑے گا۔

٭اشتہارات سے پائیں نجات
فیس بک پر اشتہارات کی بھرمار ہونا تو ایک مسئلہ ہے ہی، لیکن اس سے بھی بڑی پریشانی یہ ہے کہ ان میں متعدد ایسے اشتہارات بھی ہوتے ہیں جو ہماری روایات کی رو سے غیراخلاقی اور نازیبا ہیں۔ اس پریشانی سے نجات کے لیے آپ کو اپنے براؤزر میں ''ایڈبلاک پلس'' (adblockplus.org) انسٹال کرنا ہوگا، جو آپ کے پیج سے تمام اشتہارات کا صفایا کردے گا۔

واضح رہے کہ ایڈبلاک پلس تمام براؤزرز جیسے گوگل کروم، انٹرنیٹ ایکسپلورر، موزیلا فائر فوکس، سفاری اور اوپرا کے لیے مفت دست یاب ہے۔ ساتھ ہی اسمارٹ فونز پر یہ اینڈرائیڈ کے لیے بھی دست یاب ہے۔


انسٹال ہونے کے بعد ایڈبلاک پلس خودکار طریقے سے تمام ویب سائٹس پر ظاہر ہونے والے اشتہارات کو بلاک کردیتا ہے۔ اس طرح نہ صرف آپ کو نازیبا اشتہارات سے نجات مل جاتی ہے، بل کہ صرف ضروری اور مطلوبہ مواد آپ کے سامنے ہوتا ہے، جس سے آپ کو ویب سائٹ پر موجود عبارتیں پڑھنے کے ساتھ ڈاؤن لوڈنگ میں بھی آسانی ہوجاتی ہے، کیوں کہ یہ پروگرام ڈاؤن لوڈنگ کے فالتو بٹن غائب کرکے صرف اصلی سورس باقی رہنے دیتا ہے۔

اشتہارات سے نجات پانے کے لیے آپ فیس بک کے فلٹرز بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ فلٹر ایڈ کرنے کے لیے آپ کو facebook.adblockplus.me/en کے رابطے پر جانا ہوگا۔



٭گیم انوائٹس سے بچاؤ:
فیس بک پر ملنے والی گیم کھیلنے کے انوی ٹیشنز صارف کو عاجز کردیتے ہیں۔ ایف کا ایسا کون یوزر ہوگا جسے کرینڈی کریش ساگا یا کوئی اور گیم کھیلنے کی آفر نہ ملی ہوگی۔ کسی گیم کو بلاک کرنا ہو یا اسے کھیلنے کے لیے ملنے والی دعوت کو روکنا، اس مقصد کے لیے آپ سیٹنگ کے پیج پر موجود بلاکنگ کے آپشن پر جائیں۔ اس کے بعد Block app invites کے سامنے والے خانے میں اس دوست کا نام ٹائپ کریں جس کے انوی ٹیشنز آپ بلاک کرنا چاہتے ہیں۔ بلاک کرتے ہی آپ کو اس مصیبت سے نجات مل جائے گی۔

٭نیوز فیڈ کو بنائیں بہتر
اگر آپ بلاکنگ اور ان فالو کرنے کے عمل کے باوجود نیوز فیڈ کے معیار سے مطمئن نہیں ہیں تو اس کے لیے آپ کو بس اتنا کرنا ہوگا کہ اپنے پیج کو غیرمعیاری، محزب اخلاق اور نفرت واشتعال انگیز پوسٹ سے پاک رکھیں۔ اس مقصد کے لیے آپ کو ایسی پوسٹس کو اپنے پیج سے غائب کردینا ہوگا۔ ہر پوسٹ کے دائیں کونے پر ایک بٹن موجود ہوتا ہے، جس پر کلک کرکے آپ ایسی پوسٹس کو ہٹا سکتے ہیں جنھیں آپ غیرمعیاری یا کسی بھی طور پر غلط سمجھتے ہیں۔

اپنے فیس بک پیج پر آنے والی نیوزفیڈ کو غیرمطلوبہ پوسٹس سے بچانے اور بچائے رکھنے کے لیے آپ www.fbpurity.com پر جاکر Purity کا پلگ اِن بھی انسٹال کرسکتے ہیں۔ یہ پلگ اِن آپ کے پیج کو غیرضروری اسٹوریز اور ناپسندیدہ پوسٹس، جیسے گیمز اور ایپلی کیشنز کی پوسٹس اور فیس بک کی اسپانسرڈ پوسٹس سے بھی چھٹکارا دلا دے گا اور ایسی پوسٹس آپ کی نیوزفیڈ سے غائب ہوجائیں گی اور آپ کے پیج پر نظر نہیں آئیں گی۔ نیوز فیڈ میں موجود جو باکس بھی آپ نہ دیکھنا چاہیں، اسے اس پلگ ان کی مدد سے غائب کرسکتے ہیں۔
Load Next Story