عیدالاضحیٰ پر پولیس کے 19 اور رینجرز کے 6 ہزار اہلکار تعینات

مساجد، عیدگاہوں اور عوامی مقامات کے اطراف گشت اور اسنیپ چیکنگ کی ہدایت، کھالیں جمع کرنیوالے کیمپوں کی حفاظت کا۔۔۔

پولیس آفس میں سینئر پولیس افسران پر مشتمل مرکزی کنٹرول روم قائم، 590 موبائلوں کے علاوہ موٹر سائیکل سوار جوانوں کو ذمے داریاں تفویض۔ فوٹو: فائل

عیدالاضحی کے موقع پر شہر بھر میں مجموعی طور پر25ہزار پولیس و رینجرز کے اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے جس میں 19 ہزار پولیس جبکہ 6 ہزار رینجرز کے جوان شامل ہونگے۔

آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ عیدالاضحی کے موقع پر ہنگامی پلان مربوط اور مؤثر عمل درآمد کے تحت تمام مساجد، امام بارگاہوں اور نماز عید کے لیے مختص کردہ کھلے مقامات کے ساتھ ساتھ جانوروں کی اجتماعی قربانی کے مقامات پر سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور اہم مقامات کی بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سوئپنگ اور کلیئرنس کے بھی تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

کراچی پولیس کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کی جانب سے عیدالاضحی کے حوالے سے مرتب کیے جانے والے ہنگامی منصوبے کے مطابق کراچی میں کم و بیش 4 ہزار318 مساجد، 459 امام بارگاہیں اور ایک ہزار60 سے زائد عید گاہوں و کھلے مقامات پر کراچی پولیس کے19 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ تمام عوامی مقامات اور عبادت گاہوں کے اندرونی حصوں اور اطراف میں سادہ لباس پولیس افسران اور جوانوں کی تعیناتی کے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


عیدالاضحی کے موقع پر ترتیب دیے جانے والے ہنگامی پلان میں ساؤتھ زون میں مجموعی طور پر3 ہزار 855 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جس میں58 ایسے مقامات ہیں جہاں پر گڑبڑ ہو سکتی ہے جبکہ235ایسے مقامات بھی شامل ہیں جہاں کھالیں جمع کرنے والے کیمپ اوراسٹوریج شامل ہیں اور ان کی حفاظت کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے، ایسٹ زون میں مجموعی طور پر8 ہزار 621 پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے جس میں 147 گڑبڑ والے مقامات کے علاوہ 325 ایسے مقامات شامل ہیں جہاں کھالیں جمع کرنے والے کیمپ اور اسٹوریج بھی شامل ہیں اور ان کی حفاظت کیلیے بھی پولیس کی نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔

اسی طرح زون ویسٹ میں مجموعی طور پر 7 ہزار 265 پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ زون ویسٹ میں 91 ایسے مقامات ہیں جہاں پر ممکنہ گڑبڑ کا خدشہ ہے جبکہ 228 مقامات ایسے ہیں جہاں کھالیں جمع کرنے کے کیمپ اور جمع ہونے والی مجموعی کھالوں کا اسٹوریج بھی شامل ہیں اور ان مقامات کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے، شہر میں پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ اور پکٹنگ کے لیے590 موبائلوں کے علاوہ موٹر سائیکل سوار پولیس افسران و جوانوں کو ذمے داریاں تفویض کی گئی ہیں۔

عیدالاضحی کے موقع پر سینٹرل پولیس آفس میں سینئر پولیس افسران پر مشتمل مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، دریں اثنا عیدالاضحی کے موقع پر رینجرز کی جانب سے سندھ بھر میں 8 ہزار سے زائد افسران و جوان سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے جبکہ کراچی میں تقریباً 6 ہزار افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہونگے جو کسی بھی غیر معمولی کو واقعہ ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
Load Next Story