کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کا سلسلہ جاری 4 شہری شہید3 زخمی مال مویشیوں کو بھی نقصان

پاک فوج اور پنجاب رینجرز نے بھرپور جواب دے کر بھارتی بندوقوں کو خاموش کرادیا

بھارتی فوج نے گزشتہ روز بھی بلااشتعال فائرنگ کی تھی ۔ فوٹو:فائل

بھارتی افواج کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی سرحدی خلاف ورزیوں اور اشتعال انگیز کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے 4 پاکستانی شہری شہید اور 3 زخمی ہوگئے جبکہ بھارتی جارحیت سے مال مویشیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے تازہ کارروائی میں سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس میں چاروہ، باجرہ گڑھی اور ہرپال سیکٹر پر فائرنگ سے 3 شہری زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں 13 مویشی ہلاک اور 40 گاؤں سمیت 10 مکان بھی تباہ ہوگئے۔ بھارتی جارحیت پر چناب رینجرز کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس پر بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔


اس سے قبل بھارتی فوج نے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول میں نکیال، کریلا، کوٹ کٹیرا، گرم چشمہ اور جندروٹ سیکٹرز میں شدید فائرنگ اور گولہ باری کی، جس کے نتیجےمیں سلیمہ بی بی ، 65 سالہ عبد الرزاق، 10 سالہ عدیل احمد اور 4 سالہ حماد احمد شہید جبکہ محمداسحاق، محمدرحیم اور کاشف زخمی ہوگئے۔ بھارتی جارحیت پر ورکنگ باؤنڈری پر پنجاب رینجرز اور لائن آف کنٹرول پر پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ 6 روز سے بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے جس پر پاکستان نے سفارتی چینل کے ذریعے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا ہے۔
Load Next Story