بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستان انتہائی صبرو تحمل اور ذمہ داری سے کام لے رہا ہے مشیرخارجہ

پاکستان نے بھارتی حکومت کی جانب سے اپنے فوجیوں کو نہ روکنے پر سفارتی سطح پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، سرتاج عزیز

بھارت فوری طور پر جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کرے۔،سرتاج عزیز. فوٹو:فائل

وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور امور خارجہ سرتاج عزیز نے کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر بھارتی فوج جانب سے حالیہ دنوں میں جنگ بندی کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت فوری طور پر جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کرے۔

سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارتی فوج پچھلے 7 روز سے کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ اور گولہ باری کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے عید الاضحیٰ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پہلے روز 4 جب کہ دوسرے روز ایک بے گناہ پاکستانی شہری کو شہید کیا لیکن اس کے باوجود پاکستان انتہائی صبرو تحمل اور ذمہ داری سے کام لے رہا ہے۔


سرتاج عزیز نے بھارتی فوج کی جانب سے سیالکوٹ میں چارواہ، بجوات، چپراڑ اور دیگر سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے بھارتی حکومت کی جانب سے اپنے فوجیوں کو نہ روکنے پر سفارتی سطح پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی پر عمل کرے اور خطے میں امن و امان کو بحال کرنے میں مدد کرے۔

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ کئی بار ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطے اور سیکٹر کمانڈروں کے درمیان ملاقاتوں جیسے چینلز کو استعمال کرنے پر زور دیا لیکن بد قسمتی سے کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر امن کی بحالی کے لئے ہماری ان کوششوں کے جواب میں بھارت کی طرف سے کوئی تعاون نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو بھی امن و امان یقینی بنانے کیلئے جنگ بندی کی نگرانی میں اپنا ضروری کردار ادا کرنا چاہیے۔
Load Next Story