آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے جنید خان باہر سہیل تنویر ٹیم میں شامل

ڈاکٹرز نے جنید خان کو گھٹنے میں زخم کے باعث 4 سے 6 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے

سعید اجمل اور محمد حفیظ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لئے پہلے ہی ٹیم سے باہر ہیں۔ فوٹو؛ فائل

PESHAWAR:
نوجوان فاسٹ بولر جنید خان زخمی ہونے کے باعث آسٹریلیا کے خلاف 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں جب کہ ان کی جگہ آل راؤنڈر سہیل تنویر کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔


پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنید خان آسٹریلیا کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ سے قبل پریکٹس کے دوران گھٹنے کے زخم کے باعث ایک روزہ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ جنید خان کے ایکسرے ٹیسٹ کی رپورٹ پر ڈاکٹرز نے انہیں 4 سے 6 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے بعد چیرمین پی سی بی شہریار خان نے ٹیم مینجمنٹ کی درخواست پر آل راؤنڈر سہیل تنویر کو ٹیم میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

واضح رہے کہ سعید اجمل گزشتہ ماہ سری لنکا کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں مشکوک بولنگ ایکشن کے باعث ٹیم سے باہر ہیں جب کہ محمد حفیظ بھی ہاتھ میں زخم ہونے کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی سیریز سے باہر ہو چکے ہیں اور اب جنید خان کے باہر ہونے سے قومی کرکٹ ٹیم کو ایک اور بڑا دھچکہ لگا ہے۔
Load Next Story