ایم کیو ایم نے کچی شراب سے ہلاکتوں پر سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی

تحریک التوا ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی خالداحمد اور عامر پیر زادہ نے جمع کرائی۔

باوجود لاکھ یقین دہانیوں کے اس مذموم کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، خالد احمد۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

متحدہ قومی مومنٹ نے شہر میں کچی شراب کے باعث درجنوں افراد کی ہلاکت کے معاملے پر سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی خالد احمد اورعامر پیر زادہ نے کراچی میں کچی شراب سے ہلاکتوں پر سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوا جمع کرائی جس میں کچی شراب سے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔


ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی خالد احمد کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کچی شراب پینے سے چند روز میں 30 سے زائد گھرانوں کے چراغ گل ہو چکے ہیں لیکن باوجود لاکھ یقین دہانیوں کے اس مذموم کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ حکومت کی جانب سے پہلے بھی بارہا یقین دلایا گیا کہ کچی شراب کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی لیکن ایسا کچھ نہ ہو سکا جو انتہائی افسوسناک ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں کچھ شراب پینے سے گزشتہ چند روز میں اب تک 32 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے جو اب بھی جناح اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
Load Next Story