اساتذہ طلبہ انتہاپسندی کے خاتمے میں کردار ادا کریں وزیراعظم

سماجی ،معاشی ترقی کیلیے تعلیم پر توجہ کی ضرورت ہے ،لارنس کالج گھوڑا گلی میں خطاب

سماجی ،معاشی ترقی کیلیے تعلیم پر توجہ کی ضرورت ہے ،لارنس کالج گھوڑا گلی میں خطاب۔ فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سماجی و معاشی ترقی کیلئے تعلیم پر خصوصی توجہ دینے، تعلیمی نظام میں توازن پیدا کرنے، شعبے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔


انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے اساتذہ، محققین، سکالروں، طلبہ اور مذہبی رہنمائوں کو کردار ادا کرنا ہو گا ،ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کیلئے سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے، ناخواندگی بے روزگاری، عدم برداشت اور غربت کی بنیادی وجہ ہے۔ وہ لارنس کالج گھوڑا گلی مری کے 152 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد تعلیم کا شعبہ صوبوں کو تفویض کر دیا گیا ہے اس کا بنیادی مقصد وفاق اور صوبوں کے درمیان تعلیم کے شعبے میں دوہرے پن کا خاتمہ کرنا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ لارنس کالج نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرونی دنیا میں پاکستان کی پہچان ہے۔ پرویز اشرف نے اس موقع پر کالج کیلئے دو کروڑ روپے گرانٹ اور طالب علموں کیلئے بھرپور پروگرام پیش کرنے پر ایک ہفتے کی تعطیلات کا اعلان کیا۔دریں اثناء پرویز اشرف سے انڈونیشیا کے سبکدوش ہونے والے سفیر اسحق لتوکونسینا نے ملاقات کی اور دو طرفہ امور پر بات چیت کی ۔
Load Next Story