پاکستان نے جیتا ہوا میچ آسٹریلیا کی جھولی میں ڈال دیا

آسٹریلیا کے 231 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 230 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اسد شفیق 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

میچ میں شاندار پرفارمنس پیش کرنے والے گلین میکسویل کو میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ اسٹیو اسمتھ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فوٹو؛ اے ایف پی

آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں بھی شکست دے کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔

ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کینگروزکپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم کینگروز مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پرصرف 231 رنزہی بنا سکے، اسٹیو اسمتھ 77، ڈیوڈ وارنر 56 اور جیمز فالکنر 33 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ گرین شرٹس کی جانب سے سہیل تنویر نے 3، شاہد آفریدی 2، انور علی اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں شاندار آغاز کیا اور اوپنرز نے پہلی وکٹ پر56 رنز کی شراکت قائم کی۔ احمد شہزاد 26 رنز بنا کر ڈوہرٹی کی گیند پر بولڈ ہوئے جس کے بعد 80 کے مجموعے پر سرفراز احمد بھی 32 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے، مڈل آرڈر بلے بازوں میں اسد شفیق نے شاندار نصف سنچری کی جبکہ صہیب مقصود 32، عمر امین 19، شاہد آفریدی 6 اور فواد عالم بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے۔


ایک موقع پر آسٹریلیا کی میچ پر گرفت مضبوط ہوچکی تھی کہ جب قومی ٹیم کے 8 کھلاڑی 208 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے لیکن سہیل تنویر اور ذوالفقار بابر نے 22 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح کے قریب کردیا لیکن فتح سے 2 رنز دوری پر 230 کے مجموعے پر سہیل تنویر ہمت ہار گئے اور میکسویل کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا اور قومی ٹیم کو ایک اوورز میں 2 رنز درکار تھے کہ نئے آنے والے بلے باز محمد عرفان نے شارٹ مارنے کی کوشش کی اور کیچ آؤٹ ہوگئے اور آسٹریلیا نے ہارا ہوا میچ ایک رنز سے جیت لیا۔

کینگروز کی جانب سے کین رچرڈسن،جیمز فالکنر، گلین میکسویل اور ڈوہرٹی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ میں شاندار پرفارمنس پیش کرنے والے گلین میکسویل کو میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ اسٹیو اسمتھ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ واحد ٹی ٹوئنٹی میں ناکامی کے بعد قومی ٹیم تین میچز پر مشتمل سیریز میں بھی آسٹریلیا کے خلاف فتح کا خواب پورا نہ کرسکی۔
Load Next Story