قومی ایئرلائن کی ایک روز میں 7 ملکی و بین الاقوامی پروازیں منسوخ کئی کی روانگی میں گھنٹوں تاخیر

منسوخ پروازوں میں پی کے 1254، پی کے 203، پی کے 303، پی کے305، پی کے 470، این ایل 717 اور پی کے 219 شامل ہے۔

سیالکوٹ سے مسقط جانے والی پرواز پی کے 281 اٹھارہ گھنٹے تاخیر کے بعد شام 6 بجے روانہ ہوگی ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
قومی ایئرلائن کی حالت زار میں بہتری کے لئے حکومتی اہلکاروں اور انتظامیہ کی جانب سے بلند و بانگ دعوے تو بہت کئے جاتے ہیں لیکن صورت حال یہ ہے کہ پی آئی اے کی پروازوں کا شیڈول شدید بدنظمی کا شکار ہے جس کی وجہ سے صرف ایک روز میں 7 ملکی و بین الاقوامی پروازیں منسوخ جبکہ کئی تاخیر کا شکار ہیں۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق سیالکوٹ سے مسقط جانے والی پرواز پی کے 281 طیارے میں فنی خرابی کی وجہ سے 18 گھنٹے کی تاخیر کے بعد اب یہ پرواز شام 6 بجے روانہ ہوگی، لاہور سے دمام جانے والی پرواز پی کے 242 کی روانگی میں 5 گھنٹے اور لاہور سے لندن کی پرواز پی کے 757 کی روانگی میں 2 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ اس کے علاوہ کراچی سے کوئٹہ کی پرواز پی کے 352 کی روانگی کم از کم 4 گھنٹے اور لاہور سے اسلام آباد جانے والی پی کے 650 تاخیر کا شکار ہوئی۔

دوسری جانب طیاروں کی عدم فراہمی کے پیش نظر قومی ایئرلائن کی 7 ملکی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ جن پروازوں کومنسوخ کردیا گیا ہے ان میں کوئٹہ سے لاہور جانے والی پی کے 1254، کراچی سے لاہور جانے والی پی کے 203، لاہور سے کراچی آنے والی پی کے 303 اور پی کے305 ، لاہور سے جدہ جانے والی پی کے 470، این ایل 717 اور لاہور سے ابو ظہبی جانے والی پرواز پی کے 219 شامل ہے۔
Load Next Story