مصباح ہی ورلڈ کپ میں قیادت کیلیے بہترین ہیں آفریدی

پہلے ہی کئی بار پاکستان ٹیم کی قیادت کااعزاز اور افتخار حاصل کرچکا ہوں, شاہد آفریدی

بحیثیت کھلاڑی ہر ممکن سپورٹ کرتا رہوں گا، کپتانی پھولوں کی سیج نہیں ہے ، آل راؤنڈر ۔ فوٹو: فائل

LONDON:
شاہد آفریدی نے مصباح الحق کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کردیا،ان کا کہنا ہے ورلڈ کپ 2015کیلیے سینئر بیٹسمین ہی بہترین انتخاب ہیں۔

بحیثیت کھلاڑی ان کی ہر ممکن سپورٹ کرتا رہوں گا۔ تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی کے آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے تیسرے ون ڈے میں قیادت کرنے پر یہ تاثر لیا گیا تھا کہ شاید ورلڈ کپ سے مصباح الحق کو کپتانی سے ہٹانے کیلیے پیش رفت شروع ہوگئی ہے، بعد ازاں آل راؤنڈر کی طرف سے بیان سامنے آیا کہ میگا ایونٹ میں جس کو بھی ٹیم کی کمان سنبھالنی ہے اس کا اعلان کردیا جائے تاکہ وہ ذہنی طور پر تیار ہو، اگرچہ بورڈ نے واضح کردیا تھا کہ مصباح الحق نے اپنی مرضی سے آرام کو ترجیح دی ہے پھر بھی افواہیں گردش کرتی رہیں۔


ان حالات میں چیئرمین پی سی بی کو ایک بار پھر قیادت کے حوالے سے وضاحت کرنا پڑی،اب شاہد آفریدی نے بھی بورڈ کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کیلیے پریس ریلیز جاری کرنے کی درخواست کی ہے، آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ وررلڈ کپ 2015کیلیے مصباح الحق ہی بہترین انتخاب ہیں، ان کی قیادت میں کھیلتے ہوئے ہمیشہ بھرپور سپورٹ کرتا رہا ہوں، جب میں کپتان تھا تو میری طرح وہ بھی ایسا ہی کرتے رہے ہیں،پہلے ہی کئی بار پاکستان ٹیم کی قیادت کااعزاز اور افتخار حاصل کرچکا ہوں،یقین کریں کہ کپتانی پھولوں کی سیج نہیں، مصباح الحق سمیت ہم میں جس نے بھی یہ ذمہ داری سنبھالی اس امر سے بخوبی آگاہ ہے۔

ہمیں عزت کے سوا اس عہدے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، ہمیں کبھی کبھار گلدستے لیکن زیادہ تر پتھر ہی ملتے ہیں۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ پہلے بھی کئی بار کہی گئی ایک مرتبہ پھر دہراتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ کی خدمت اور مصباح الحق کی ہر ممکن سپورٹ جاری رکھوں گا۔اس معاملے میں یہ میرا حتمی بیان ہے۔
Load Next Story