یورو2016کوالیفائر آئس لینڈ نے نیدر لینڈز کے ارمان ٹھنڈے کر دیے

ڈچ ٹیم کو2 گول سے مات، جمہوریہ چیک نے قازقستان کو 4-2 سے پچھاڑدیا، مالٹا کیخلاف اٹلی فتحیاب،پیلے اسٹار بن گئے

دونوں مرتبہ گیند کو جال کی راہ گلفی سگردسن نے دکھائی ۔ فوٹو : فائل

یوروکوالیفائرز میں آئس لینڈ نے نیدرلینڈز کے ارمان ٹھنڈے کردیے، 2-0 سے کامیابی حاصل کرکے بڑا اپ سیٹ کردیا، دونوں مرتبہ گیند کو جال کی راہ گلفی سگردسن نے دکھائی، ڈچ سائیڈ پر گیارہ میٹنگز میںپہلی فتح پانے والی ٹیم اب تک گروپ اے میں ناقابل شکست ہے۔

جمہوریہ چیک نے قازقستان کو 4-2 سے پچھاڑا۔ مالٹا کے خلاف مقابلے میں واحد گول کرکے اٹلی کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے گریزیانو پیلے اسٹار بن گئے۔ کروشیا نے آذربائیجان کو 6-0 سے روند ڈالا ۔ تفصیلات کے مطابق یورو 2016 کے کوالیفائرز میں نارتھ اٹلانٹک میں واقع چھوٹے سے جزیرے آئس لینڈ نے دنیائے فٹبال کی ایک خطرناک ٹیم نیدرلینڈز کو 2-0 سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا۔ یہ ڈچ سائیڈ کی نئے کوچ گیوس ہیڈنک کی رہنمائی میں چار میچز میں تیسری شکست ہے، انھوں نے ورلڈ کپ کے بعد ذمہ داری سنبھالی تھی۔ آئس لینڈ نے گیارہ باہمی مقابلوں میں نیدرلینڈز پر پہلی فتح پائی ہے۔ اس کے دونوں گولز گلفی سگردسن نے ہاف ٹائم سے بھی پہلے کیے۔


10و یں منٹ میں انھوں نے پنالٹی پر پہلا گول کیا جبکہ 42 ویں منٹ میں دوسری بار گیند کو جال میں اس پھرتی سے ڈالا کہ ڈچ دفاعی لائن کے پاس سوائے سر پیٹنے کے اور کوئی چارہ نہیں رہا۔ اس کامیابی کے ساتھ آئس لینڈ کا گروپ اے میں ریکارڈ ابھی تک بے داغ ہے، اس نے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی ہے، اس طرح اس نے ٹاپ لیول پر جمہوریہ چیک کو جوائن کرلیا ہے جس نے الماتے میں قازقستان کے خلاف 4-2 سے کامیابی حاصل کی۔ فاتح سائیڈ کی جانب سے ڈوکال، لافاتا، کریسی اور نیسیڈ نے گول کیے جبکہ قازقستان کی جانب سے دونوں گولز لوگوینینکو نے کیے۔ اگرچہ آئس لینڈ کے ساتھ 9 پوائنٹس برابرہونے کے باوجود زیادہ گولز کی وجہ سے جمہوریہ چیک ٹاپ پر ہے۔ لٹویا کے ساتھ مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہنے کی وجہ سے ترکی اس گروپ میں سب سے آخر میں ہے۔

گروپ بی میں ویلز نے قبرص کو 2-1 سے مات دی۔ تینوں گولز ہاف ٹائم سے پہلے ہی ہوئے، فاتح ٹیم کی جانب سے کوٹیریل اور روبسن کینو جبکہ قبرص کی طرف سے لابان نے گیند کو جال میں ڈالا۔ اسرائیل نے اینڈورا کو 4-1 سے زیر کیا، ڈیماری نے ہیٹ ٹرک کی چوتھا گول ہیمیڈ نے کیا، اینڈورا کی جانب سے واحد گول پنالٹی پر لیما نے کیا۔ بیلجیئم اور بوسنیا ہرزیگووینا کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اٹلی نے کیریئر کا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے گریزیانو پیلے کے 24 ویں منٹ میں گول کی بدولت 1-0 سے فتح حاصل کی۔ کروشیا نے آذربائیجان کو 6-0 سے مات دی، پیرسک نے دو گول کیے جبکہ کرامرک، موڈرک ، بروزووک اور ساڈیوگو نے بھی گیند کو جال کی راہ دکھائی۔
Load Next Story