آپریشن ضرب عضب کو ملک میں قائم دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے مطابق وسعت دی جائے الطاف حسین

پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گردوں اور ان کے متعدد ٹھکانوں کا خاتمہ کیا، قائد ایم کیو ایم

دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے تمام وسائہ بروئے کار لائے جائیں, الطاف حسین۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کو مزید تیز کرکے ملک بھر سے دہشت گردو ں کا جلد از جلد قلع قمع کرکے عوام کو جا ن ومال کا تحفظ فراہم کیا جائے۔


خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں خود کش دھماکے میں کئی افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ وادی میں خود کش دھماکا دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کا ردعمل ہے، پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گردوں اور ان کے متعدد ٹھکانوں کا خاتمہ کیا ۔آپریشن ضرب عضب کو مزید تیز تر کیاجائے اور اسے ملک میں قائم دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے مطابق توسیع دی جائے اور ملک بھر سے دہشت گردو ں کا جلد از جلد قلع قمع کرکے عوام کو جا ن ومال کا تحفظ فراہم کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے باعث امن و امان ، معاشی اور اقتصادی صورتحال بد تر ہوتی جارہی ہے ، ملک میں کوئی سرمایہ کاری تو کجا کھیلنے کے لئے آنے کو تیار نہیں ہے اور دوسرے ممالک کی ٹیمیں پاکستان آنے سے گریزاں ہیں، یہ صورت حال ملک کی بقا و سلامتی کے لئے سنجیدہ فیصلوں اور حکمت عملی کو اختیار کرنے کا عندیہ دے رہی ہے۔

قائدایم کیوایم الطاف حسین نے خود کش دھماکے میں شہید افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا کرے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث دہشت گردوں کے سرپرستوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور دہشت گردوں کے خاتمہ کے لئے تمام ممکنہ ملکی وسائل اور ذرائع استعمال میں لائے جائیں۔

Recommended Stories

Load Next Story