عبداللہ شاہ غازیؒ کے عرس کا آغاز گورنر آج افتتاح کریں گے

کلوزسرکٹ کیمرے اور واک تھروگیٹ نصب، 5لاکھ زائرین کی شرکت متوقع

آپ کی ولادت واقعہ کربلا کے 37 سال بعد 98ھ کے آخر میں مدینہ منورہ میں ہوئی۔ فوٹو: فائل

برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ سید عبداللہ شاہ غازیؒ کے 1284ویں عرس کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادعرس کی تقریبات کا باضابطہ افتتاح آج کریں گے، عرس کی تقریبات میں 5 لاکھ سے زائد زائرین کی شرکت متوقع ہے، عرس کی مانیٹرنگ کے لئے کلوز سرکٹ کیمرے اور واک تھرو گیٹ نصب کردیے گئے ہیں، سید عبداللہ شاہ غازیؒ کے عرس کی تقریبات کا آغاز مزار کے غسل سے ہوا جس میں نامور شخصیات صوبائی معاون خصوصی برائے اوقاف عبدالحسیب، اراکین مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو کمیٹی جاوید میانداد ، شعیب مدنی، حاجی رفیق پردیسی، صوبائی اعلیٰ افسران، صوبائی سیکریٹری اوقاف غلام مصطفی تھل، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف عبدالرحمن چنہ، ایڈمنسٹریٹر اوقاف کراچی نصرت خان سمیت سیکڑوں زائرین نے شرکت کی، مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو کمیٹی کے ارکان حاجی رفیق پردیسی، شعیب مدنی و دیگر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کے روز مشائخ کانفرنس کا انعقاد ہوگا اور بعد نماز عشا محفل سماع منعقد کی جائے گی۔


حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ 138ہجری میں سرزمین سندھ میں داخل ہوئے،آپ کی ولادت واقعہ کربلا کے 37 سال بعد 98ھ کے آخر میں مدینہ منورہ میں ہوئی، یہ بنوامیہ کی حکومت کا آخری دور تھا، آپ نے سندھ آمد کے بعد بارہ سال تک اسلام کی تبلیغ کی، عباسی دورحکومت میں جب جنگی حالات تھے آپ کو 151 ھ میں دریائے سندھ کے کنارے شہید کردیا گیا، آپ کے خادمین آپ کے جسدمبارک کو اس مقام پر (جہاں آج مزار شریف واقع ہے) لائے اور پہاڑ کے اوپر تدفین کردی، علاوہ ازیں حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ حسن حسینی سید ہیں، آپ کا نام سید عبداللہ شاہ غازی، کنیت ابومحمد اور لقب الاشتر ہے۔

آپ سید محمد نفس الذکیہ کے صاحبزادے اور سید عبداللہ آل مخلص کے پوتے ہیں،پانچویں پشت میں آپ کا شجرہ نسب حضرت علیؓ سے جاملتا ہے، حضرت عبداللہ شاہ غازی کا سالانہ عرس ہر سال 20,21,22 ذوالحجہ کو منایا جاتا ہے، حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کا شمار برصغیر پاک و ہند کے قدیم ترین مزارات میں ہوتا ہے، یہ مزار صدیوں سے کراچی کے ساحل کے قریب واقع ہے،حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار کے نیچے پانی کا میٹھا چشمہ واقع ہے، یہ چشمہ آپ کی دعاؤں کا ثمر ہے۔
Load Next Story