افغانستان میں جلال الدین حقانی کے بیٹے سمیت 2 اہم طالبان کمانڈر گرفتار
افغانستان میں سیکیورٹی فورسز اور غیر ملکی افواج کے خلاف بر سر پیکار حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بیٹے سمیت 2 اہم طالبان کمانڈر گرفتار کر لئے گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان ڈائریکٹوریٹ آٖف سیکیورٹی (این ڈی ایس) کے ترجمان حسیب صدیقی نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے طالبان جنگجو حقانی گروپ کے سربراہ جلال الدین حقانی کے بیٹے انس حقانی کو ایک اور اہم طالبان کماندڑ حافظ راشد سمیت گرفتار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں گرفتار کمانڈرز کا حقانی گروپ میں اہم اثرو رسوخ ہے اور حقانی نیٹ کے اہم رہنما تصور کئے جاتے ہیں۔
این ڈی ایس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انس کا حقانی نیٹ ورک کی اسٹریٹجک پالیسیاں بنانے میں اہم کردار ہے اور یہ اکثر اپنے نیٹ ورک کی فنڈنگ کے سلسلے میں خلیجی ریاستوں کا سفر کرتا تھا۔
واضح رہے کہ افغان حکومت کی جانب سے الزام عائد کیا جاتا ہے کہ حقانی نیٹ ورک افغان سیکیورٹی فورسز اور نیٹو فورسز پر حملوں میں ملوث ہے اور اس کی تمام تر منصوبہ بندی مبینہ طور پر پاک افغان سرحد سے متصل علاقے وزیرستان میں کی جاتی ہے۔ حقانی نیٹ ورک کو افغانستان میں اہم طالبان گروپ تصور کیا جاتا ہے اور یہ طالبان امیر ملا عمر کی اطاعت کرتے ہے۔