کراچی کے حساس علاقوں میں عراق وشام میں برسرپیکار جنگجو تنظیم داعش کی وال چاکنگ

نامعلوم افراد کی جانب سے سہراب گوٹھ، منگھو پیر اورگلشن معمار میں جگہ جگہ وال چاکنگ کی گئی ہے۔

کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی نے داعش کے خطرے سے سندھ حکومت کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا۔ فوٹو؛فائل

عراق اور شام میں برسرپیکار جنگجو تنظیم داعش کی وال چاکنگ شہر کے حساس علاقوں میں کی گئی ہے جس کے باعث شہریوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے حساس علاقوں سہراب گوٹھ، منگھو پیراورگلشن معمارمیں مختلف مقامات پر نامعلوم افراد کی جانب سے داعش کی وال چاکنگ کی گئی ہے۔ ضلع ملیر کے تھانہ سہراب گوٹھ احسن آباد کی ایک چوکی پر بھی داعش کی چاکنگ دیکھی گئی جبکہ سپرہائی وے پر جگہ جگہ دیواروں پر داعش کی تشہیر کی گئی ہے، اسی طرح منگھو پیر اور گلشن معمار میں بھی مختلف عوامی مقامات پر جنگجو تنظیم کے نام کے مخف ( آئی ایس آئی ایس) کی وال چاکنگ کی گئی جس کے باعث شہریوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔


دوسری جانب کاؤنٹرٹیررازم اتھارٹی نے سندھ حکومت کو حال ہی میں ایک خط لکھا تھا جس میں متنبہ کیا گیا تھا کہ ملک میں 200 سے زائد چھوٹی بڑی مذہبی جماعتوں نے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے بڑھا دیئے ہیں اور خدشہ ہے کہ بعض کالعدم تنظیموں کے عسکری ونگز مل کر تخریبی کارروائیوں کی کوشش کریں گی۔


واضح رہے کہ جنگجو تنظیم داعش کی جانب سے عراق اور شام میں حکومت مخالف تخریبی کارروائیاں کی جارہی ہیں جبکہ داعش رہنماؤں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنا نیٹ ورک ایشیائی ممالک تک بڑھائیں گے۔
Load Next Story