پاکستان ایک نظر میں جیسی کرنی ویسی بھرنی

ایسی بہادری جس میں عقل کا فقدان ہو اس سے وہ بزدلی اچھی ہوتی ہے جو عقل رکھتی ہو ۔

ہاشمی صاحب آپ نے نواز شریف اور عمران خان کو اُس وقت چھوڑا جب اُن لوگوں کو آپکی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ ٹھیک اسی طرح قدرت نے بھی اُس وقت آپکو شکست دی جب آپکو جیت کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
ملتان کا باغی آج بھری محفل میں داغی ہوگیا۔ انا پرست لوگ اگر کامیاب ہو بھی جائیں تو ان کی کامیابی کا خمار جب اترتا ہے تو سامنے رسوائی کے سوا کچھ نہیں بچتا۔

جاوید ہاشمی کی شخصیت ایک ایسی ساس جیسی ہے جو بیٹے کی شادی کروانے کے بعد اسی کوشش میں لگی رہتی ہے کہ وہ اسکے بیٹے کی بیوی کم اور اپنی ساس کی ذاتی ملازمہ زیادہ لگے ۔ کہنے والے انکی بہادری کے بہت قصّے سناتے ہیں پر میرا ماننا ہے کہ ایسی بہادری جس میں عقل کا فقدان ہو اس سے وہ بزدلی اچھی ہوتی ہے جو عقل رکھتی ہو ۔

نواز شریف نے انہیں بہت عزت دی اور جو یہ بات کرتے ہیں کہ انہیں جیل کاٹنا پڑی تب نواز شریف باہر تھے ۔۔ تو موصوف سے ذرا یہ تو پوچھیے جیل گئے کیوں تھے ؟ امین فہیم کے ہاتھوں استعمال ہوئے اور سرخیوں میں رہنے کے شوق نے جیل پہنچا دیا۔۔ اور پھر مسلم لیگ کے کارکن روتے رہ گئے اور یہ دامن جھاڑ کر تحریک انصاف کی کشتی میں سوار ہوگئے۔

بلا شک و شبہ عمران خان کی تحریک انصاف نے بھی انہیں بہت عزت دی پر کیا کیجئے جاوید ہاشمی ایک ایسی ساس بن چکے تھے جنہیں اپنی کوئی بھی بہو پسند نہیں آتی اور بجائے اسکے کہ خود میں خامی تلاش کریں یہ بہو کو طلاق دلوانے کے لئے سرگرم رہتی ہیں ۔


پہلے الیکشن سے قبل نواز شریف کو کرارا جھٹکا دیا اور اب جب تحریک انصاف کا دھرنا اپنے عروج پر تھا تو پھر سے سرخیوں میں رہنے کے جاوں نے انہیں " باغی" بنا دیا .

الیکشن سے تین روز قبل ملتان میں موجود اپنے ایک دوست جو کہ مسلم لیگ (ن) کے سرکردہ لیڈر بھی ہیں ، ان سے جب گفتگو کی تو انھوں نے یہی کہا کہ ہم بھلے حمایت کا اعلان کریں پر مسلم لیگی ان کو ووٹ دینے پر راضی نہیں ہیں کیوں کہ جب مسلم لیگی ان کی گاڑی کے آگے لیٹ گئے تھے اور منتیں سماجت کے باوجود انھوں نے ایک نہ سنی تو آج مسلم لیگی کیوں انہیں ووٹ دے؟ وسیب کی مٹی بڑی اچھی یادداشت رکھتی ہے جاوید ہاشمی کا جیتنا بہت مشکل ہے .

پھر 16 اکتوبر کا دن آیا اور وہ کہتے ہیں نا کہ قدرت کی مار بڑی ظالم ہوتی ہے وہ جاوید ہاشمی جو اپنے لیڈرز کی عزت کو سر عام نیلام کر کے خود ساختہ ہیرو بننے کا '' شوقین''ہو چکا تھا آج عمر کے اس حصّے میں عامر ڈوگر جیسے شخص سے ہار گئے جو سیاست سمیت ہر شعبے میں جاوید ہاشمی کے پلے کا بلکل نہیں ہے.

جاوید ہاشمی صاحب آپ نے نواز شریف کو تب چھوڑا جب اسے آپکی سب سے زیادہ ضرورت تھی ۔ آپ نے عمران خان کو تب چھوڑا جب اسے آپکی سب سے زیادہ ضرورت تھی ٹھیک اسی طرح قدرت نے تب آپکو شکست دے دی جب آپکو جیت کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ یہ نہ صرف سیاستدانوں بلکہ عام عوام کے لئے بھی قدرت کا ایک پیغام ہے کہ احسان فراموش رسوا ہو کر ہی رہتا ہے۔

نوٹ: روزنامہ ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔
Load Next Story