میرے بیان سے ایم کیو ایم کے ساتھیوں کی دل آزاری ہوئی تو معذرت خواہ ہوں خورشید شاہ

میں خود پرانا مہاجر ہوں اس لئے ’’مہاجر‘‘ لفظ کو گالی دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا، سید خورشید شاہ

لفظ ’’مہاجر‘‘ کے حوالے سے میرے بیان کا غلط مطلب لیا گیا اور اسے ٹھیک طرح سے سمجھا نہیں گیا، قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ فوٹو: فائل

FAISALABAD:
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر مہاجروں اور ''مہاجر'' لفظ کے حوالے سے میری وضاحت سے ایم کیو ایم کے ساتھیوں کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں ان سے معذرت خواہ ہوں۔


کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ سب سے پُرانا تاریخی مہاجر تو میں خود ہوں کیونکہ میرے آباؤ اجداد عرب سے آئے تھے اور مہاجر تو رسول اکرم ﷺ بھی تھے کیونکہ انہوں نے بھی مکہ سے مدینہ ہجرت کی اس لئے مہاجر لفظ کو گالی دینا گناہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیان کا غلط مطلب لیا گیا اور اسے ٹھیک سے سمجھا نہیں گیا، میں نے کہا تھا کہ سندھ میں رہنے والے سب سندھی اور بھائی ہیں اس لئے ہم آپس میں تفریق کیوں کرتے ہیں، مہاجر کا لفظ کسی کے لئے بھی گالی نہیں ہونا چاہئے اور اگر میری بات سے ایم کیو ایم کے بھائیوں کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں ان سے معذرت خواہ ہوں۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کل کا جلسہ کسی کی حمایت یا مخالفت میں نہیں بلکہ 18 اکتوبر سانحے کی یاد میں رکھا گیا ہے اور یہ جلسہ پیپلز پارٹی کے پچھلے تمام جلسوں سے مختلف ہوگا۔
Load Next Story