آفریدی نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کرلیا

قائد اعظم ٹرافی مقابلے میں فیصل آباد وولفز کیخلاف تیسرے راؤنڈ میں شرکت کا قوی امکان

شاہد آفریدی نے آخری مرتبہ جون2010 میں قومی فرسٹ کلاس کرکٹ میچ میں حصہ لیا تھا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے4 برس کے بعد قومی کرکٹ کے فرسٹ کلاس سیزن میں شرکت کا فیصلہ کرلیا۔

وہ قائد اعظم ٹرافی سلور کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایچ بی ایل کی نمائندگی کریں گے، لیکن وہ ہفتے سے ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں ایبٹ آباد فالکنزکیخلاف شروع ہونے والے میچ کے لیے میدان میں نہیں اتریں گے ، قوی امکان ہے کہ شاہد آفریدی 24 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹرافی کے تیسرے راؤنڈ میں فیصل آباد وولفز کیخلاف جلوہ گر ہوں گے، یہ میچ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں شیڈول ہے، شاہد آفریدی نے آخری مرتبہ جون2010 میں قومی فرسٹ کلاس کرکٹ میچ میں حصہ لیا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان کا فرسٹ کلاس کرکٹ میں شرکت کا مقصداپنی کھوئی ہوئی بیٹنگ فارم کو واپس پانا ہے تاکہ عالمی کپ کے لیے قومی اسکواڈ میں ان کی شمولیت یقینی ہوجائے۔


گزشتہ دن پی سی بی کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ نے آل راؤنڈر پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ان کے خیال میں آفریدی کو قومی کرکٹ ٹیم میں نہیں ہونا چاہیے، واضح رہے کہ شاہد آفریدی گذشتہ دنوںورلڈکپ 2015کی کپتانی کے معاملے پربیان دینے کے بعد موجودہ بورڈ چیف شہریار خان کی تنقید کا بھی نشانہ بنے تھے،ہفتے سے شروع ہونے والے ایونٹ کے دیگر مقابلوں میں بہاولپور اسٹیگز کی ٹیم اسٹیٹ بینک کی میزبانی کرے گی،21 اکتوبر تک شیڈول ان چار روزہ میچز کے دوسرے مرحلے میں حیدرآباد ہاکس کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر پی آئی اے کیخلاف صف آرا ہوگی، اسلام آباد میں میبزبان لیپرڈز کا ٹاکرا یونائیٹڈ بینک کی ٹیم سے ہوگا۔

کراچی میں سوئی گیس کی ٹیم میزبان ڈولفنزکیخلاف میدان میں اترے گی، ڈولفنز کو ابتدائی مقابلے میں پورٹ قاسم نے ہرادیاتھا، اسی طرح ابتدائی آزمائش میں ناکام رہنے والی شہر قائد کی دوسری ٹیم زیبراز کا ٹاکرا پی ٹی وی سے ہوگا،لاہور لائنز کی ٹیم زرعی ترقیاتی ٹیم کی میزبان بنے گی، میزبان ملتان ٹائیگرز کو پورٹ قاسم اتھارٹی کا چیلنج درپیش رہے گا، پشاور پینتھرز کا مقابلہ واپڈا سے ہوگا، کوئٹہ بیئرز کی ٹیم راولپنڈی میں خان ریسرچ لیبارٹریز کیخلاف میدان سنبھالے گی، راولپنڈی ریمز کو نیشنل بینک سے مقابلہ کرنا ہوگا۔
Load Next Story