ایم کیوایم نے خورشید شاہ کواپوزیشن لیڈر سے ہٹانے کی قرارداد قومی اسمبلی میں جمع کرادی

مہاجرننگے بھوکے نہیں اپنا گھر بار چھوڑ کرآئے ہجرت سنت رسول ہے اسے گالی دینے والوں پرتوہین رسالت لگنا چاہئے،رشید گوڈیل

کالے انگریزوں نے پاکستان کو اپنی جاگیر سمجھ لیا ہے،رشید گوڈیل، فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
ایم کیوایم نے خورشید شاہ کو قائد حزب اختلاف سے ہٹانے اور نئے انتظامی یونٹس بنانے کی قرارداد جمع کرادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیوایم کے ارکان نے خورشید شاہ کو قائد حزب اختلاف کے منصب سے ہٹانے اور ملک میں نئے انتظامی یونٹس بنانے کے لیے قرارداد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی جس میں خورشید شاہ کے مہاجروں سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خورشید شاہ اب اپوزیشن لیڈر کی حیثیت کھوچکے ہیں۔


دوسری جانب ایم کیوایم کے ارکان نے خورشید شاہ کے بیان پر قومی اسمبلی کے اجلاس کا واک آؤٹ بھی کیا جبکہ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ نے مہاجرقوم کو گالی دی جو اب واپس نہیں ہوسکتی، مہاجر کوئی ننگے بھوکے پاکستان نہیں آئے بلکہ اپنا گھر بار چھوڑ کر آئے تھے جبکہ ہجرت سنت رسول ہے کوئی گالی نہیں اسے گالی کہنے والوں پر توہین رسالت کا قانون لاگو ہونا چاہئے۔

رشید گوڈیل نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے اختیارات کی منتقلی نچلی سطح تک ہوگی، صوبے بننے سے وسائل تقسیم ہوتے ہیں کوئی زمین نہیں اور صوبے کسی کے دادا پردادا کی جاگیر نہیں،پنجاب سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے نام لسانی ہیں یہاں وڈیرے آج بھی روٹی کپڑا مکان کی بات کرتے ہیں لیکن عوام کو بھوک،کفن اور قبرہی ملی جبکہ ہمیں سندھ میں حق حکمرانی ملا تو ہم نے کام کرکے دکھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے پارٹی بنائی تو طوفان آگیا، کالے انگریزوں نے پاکستان کو اپنی جاگیر سمجھ لیا ہے یہاں پر کچھ عناصر مہاجروں کے ساتھ زیادتی کررہے ہیں۔ رشید گوڈیل نے کہا کہ بھارت نے بھی آزادی کے بعد بھی نئے صوبے بنائے لیکن وہاں کسی نے نہیں کہا کہ یہ ہماری ماں ہے اسے تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔
Load Next Story