جنوبی افریقا نے پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی
جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو تین میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ کے شہرماؤنٹ مونگانو کے بے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں مہمان پروٹیز کپتان اے بی ڈویلئرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کیویز ٹیم 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 45.1 اوور میں 230 رنز پر ڈھیر ہوگئی، وکٹ کیپر بلے بازلیوک رونچی 3 چھکوں اور 11 چوکے کی مدد سے 99 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل 5، جیمس نیشم 16، ڈین برولی 24، برینڈم میکولم 16، ٹوم لیتھم 29 اور ٹرینٹ بولڈ 21 رنز بنا سکے۔ پروٹیز کی جانب سے ورنن فلینڈر، مورنی مورکل، عمران طاہر اور ریان میکلرن نے 2،2 اور جے پی ڈومنی اور ڈیل اسٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
231 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کا آغاز بہتر نہ رہا اور اوپننگ بلے باز ڈی کوک 11 کے مجموعے پر 9 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ ہاشم آملہ 38، فاف ڈپلوسی 8 اور ریلی روسو 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پانچویں وکٹ کی شراکت پر کپتان اے بی ڈی ویلئرز اور جے پی ڈومنی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 139 رنز کی شراکت قائم کی، ڈی ویلئرز 89 اور ڈومنی نے 58 رنز بنائے جس کی بدولت پروٹیز ٹیم نے 48.1 اوور میں 236 رنز بنانے کے بعد میچ اپنے نام کرلیا۔
کیویز ٹیم کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 2، کیلی ملز اورکوری اینڈریسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے اے بی ڈی ویلئرز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔