پاکستان عوامی تحریک کا اسلام آباد میں دھرنا مؤخر کرنے کا فیصلہ

عوامی تحریک کے دھرنے میں شامل چند افراد دھرنے کے مقام پر موجود رہیں گے تاہم طاہرالقادری دھرنے میں شریک نہیں ہوں گے

مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ناصرعباس نےطاہرالقادری سے محرم الحرام کے دوران دھرنا موخر کرنے کی درخواست کی تھی فوٹو:فائل

پاکستان عوامی تحریک نے دارالحکومت میں جاری دھرنے کو موخر کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کا باقاعدہ اعلان ڈاکٹر طاہرالقادری آج کسی بھی وقت کریں گے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق عوامی تحریک نے محرم الحرام کے احترام کے پیش نظر اسلام آباد میں 2 ماہ سے جاری دھرنے کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا باقاعدہ اعلان ڈاکٹر طاہرالقادری دھرنے کے شرکا کو اعتماد میں لینے کے بعد کریں گے،ذرائع کے مطابق مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ناصرعباس نے ڈاکٹر طاہرالقادری سے محرم الحرام کے دوران دھرنا موخر کرنے کی درخواست کی تھی جسے منظور کرتے ہوئے عوامی تحریک کے سربراہ نے دھرنا موخر کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا تاہم اس کا اعلان دھرنے کےشرکا کو اعتماد میں لے کر کیا جائے گا۔


ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں جاری عوامی تحریک کے دھرنے میں شامل چند افراد دھرنے کے مقام پر موجود رہیں گے تاہم ڈاکٹر طاہرالقادری دھرنے میں شریک نہیں ہوں گے اور باقاعدگی سے شرکا سے خطاب نہیں کریں گے جبکہ محرم الحرام کے بعد ایک مرتبہ پھر دھرنے کو اسی طرح آگے بڑھایا جائے گا۔


واضح رہے کہ اسلام آباد میں عوامی تحریک اور تحریک انصاف کا الگ الگ دھرنا جاری ہے جب کہ دھرنے کے دوران شرکا نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے کیمپ بھی لگائے جس کے بعد ایک مرتبہ پھر شرکا نے ڈی چوک پر پڑاؤ ڈالا ہوا ہے۔

Load Next Story