سرحد پرامن چاہتے ہیں لیکن بھارتی جارحیت کا بھرپورجواب دیں گے ترجمان پاک فوج

پاکستان کسی بھی قسم کی جنگ یا جھڑپ نہیں چاہتا اورہمیشہ سرحد پر امن کی بات کرتا ہے، عاصم باجوہ

کوشش ہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب جلد مکمل کرلیا جائے،ڈی جی آئی ایس پی آر ، فوٹو؛ فائل

KARACHI:

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان بار باراعلان کرچکا ہے کہ ہم سرحدوں پر امن چاہتے ہیں تاہم بھارت کی جانب سے جب بھی سرحدی خلاف ورزی ہوگی اس پر خاموشی کے بجائے بھرپور انداز میں جواب دیا جائے گا۔



بنوں میں ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان بارڈر پر کسی بھی قسم کی جنگ یا جھڑپ نہیں چاہتا اور ہمیشہ سرحد پر امن کی بات کرتا ہے تاہم اگر سرحد پار سے جارحیت کی جائے گی تو اس پر خاموش نہیں بیٹھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن "ضرب عضب" جلد مکمل کرلیا جائے تاہم آپریشن کے حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا تھا اور یہ اپنے پلان کے مطابق درست سمت کی جانب گامزن ہے جبکہ آپریشن کے دوران اب تک 1100 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔


ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ خیبر ایجنسی کے ان علاقوں میں خفیہ اطلاعات پرآپریشن جاری ہے جہاں دہشتگرد دوبارہ پاؤں جمانے کی کوشش کر رہے تھے جبکہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب سے قبل بعض دہشتگرد علاقہ چھوڑ کر افغانستان کے راستے کوکل خیل اور وادی تیرا میں اکھٹے ہوگئے اور ایک منصوبے کے تحت ان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کو تمام سہولیات دینا چاہتے ہیں اور ان کی اپنے علاقوں میں واپسی ترجیح ہے۔

Load Next Story