ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں مہاجرصوبے کا مطالبہ کردیا

استحصال کا شکارمہاجرعوام صوبے سے متعلق جو مطالبہ کر رہے ہیں اس پرعملدرآمد کیا جائے، رکن ایم کیو ایم کامران اختر

متنازع ایشوز ایوان میں نہ لائے جائیں کیوں کہ اس سے سندھ کے عوام میں شدید بے چینی پھیلی گی،وزیر اطلاعات سندھ۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

KARACHI:

متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ اسمبلی میں مہاجر صوبے کے قیام کا مطالبہ کردیا۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے رکن کامران اختر نے سندھ پبلک سروس کمیشن میں 2008 سے اب تک ہونے والی تقرریوں کے حوالے سے فہرست طلب کی اور تقریر کے دوران کہا کہ مہاجر عوام کے ساتھ گزشتہ کئی سالوں سے سازشیں کی جاری ہیں اورانہیں پبلک سروس کمیشن میں یکسر نظرانداز کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں مہاجروں کا مسلسل استحصال جاری ہے اور اسی تناظر میں مہاجرعوام صوبے سے متعلق جو مطالبہ کر رہے ہیں اس پرعملدرآمد کیا جائے۔


ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی کی جانب سے مہاجر صوبے کے مطالبے کے بعد پیپلزپارٹی کے ارکان سیخ پا ہوگئے جبکہ بعض ارکان ڈیسک پر کھڑے ہوگئے۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کامران اختر کے مطالبے پرجواب دیتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی مقدس ایوان ہے اس لئے سیاسی مقاصد کے لئے متنازع ایشوز ایوان میں نہ لائے جائیں کیوں کہ اس سے سندھ کے عوام میں شدید بے چینی پھیلی گی اور خون خرابے کا بھی خدشہ ہے جبکہ اپنی تقریر کے دوران انہوں نے مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں کا بھی نعرہ بلند کیا۔
Load Next Story