صوبے میں داعش کی ذہنیت والے لوگ زبردستی عوام پر اپنا ایجنڈامسلط کرناچاہتے ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان

حکومت بھی اپنی رٹ قائم کرکے رہے گی کسی کو بھی بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، مالک بلوچ

محرم الحرام کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ، فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کہتے ہیں کہ بلوچستان میں داعش کی طرز کی ذہنیت رکھنے والے لوگ موجود ہیں جو زبردستی عوام پر اپنا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتے ہیں۔



کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں بدامنی میں ماضی کی غلط پالیسیوں کا بہت بڑا عمل دخل ہے، اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ بلوچستان میں داعش کی طرز کے انتہاپسند ذہنیت رکھنے والے لوگ موجود ہیں جو زبردستی عوام پر اپنا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ کوئٹہ کے داخلی اور خارجی راستوں کو محفوظ بنانے کے لئے کوششیں کررہے ہیں، روایتی طریقے سے اب اس شہر کی حفاظت ممکن نہیں، اس لئے اب اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی جائے گی۔ کسی کو بھی بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے اور حکومت بھی اپنی رٹ قائم کرکے رہے گی ۔


وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کےموقع پر سیکیورٹی کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے اور سیکیورٹی کے انتظامات پولیس اور ایف سی کے حوالے کئے گئے ہیں۔

Load Next Story