بھارتی جارحیت بڑا گیم پلان ہے معاملہ اقوام متحدہ میں لے جائیں گے سرتاج عزیز

پاکستان کی امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھاجائے،پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، سرتاج عزیز

اگر بھارت کشمیر میں ریفرنڈم کی پیشکش کرے تو ہم مقررہ وقت میں اس پرعملدرآمد کویقینی بنائیں گے۔ مشیر خارجہ فوٹو: فائل

وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی وامور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاک فوج لائن آف کنٹرول اورورکنگ باؤنڈری پربھارتی جارحیت سے نمٹنے کیلیے پوری طرح تیار ہے، بھارت کی طرف سے پیغام اور اشارے دیئے جارہے ہیں کہ اگرمذاکرات اوردوستی کرنی ہے تو کشمیر کا معاملہ فراموش کرنا ہوگا۔

مشیرخارجہ نے ان خیالات کا اظہارسینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امورکے اجلاس میں شریک اجلاس کو بریفنگ کے دوران کیا۔کمیٹی کے اراکین نے حالیہ دنوں میںبھارت کی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت، بیگناہ شہریوں کی شہادت پرافسوس کا اظہار کیا۔اراکین کاکہنا تھاکہ دفترخارجہ عالمی سطح پربھارتی جارحیت کامعاملہ اٹھائے۔کمیٹی اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اشتعال انگیز کارروائیوں سے پاکستان کوخوفزدہ نہیں کیا جاسکتا، پاک فوج کسی بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔


سرتاج عزیز نے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان بھارتی جارحیت کے معاملے کواقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں لے جانے کیلیے تیارہے۔ پاکستان کی امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھاجائے،پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، بھارت کی مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کو غیر موثر بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ سرتاج عزیز نے کہاکہ بھارتی جارحیت بڑے گیم پلان کاحصہ ہے اور اس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں انتخابات میں فتح کا حصول ہے۔

انھوں نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیرکاحل چاہتاہے۔ اس موقع پرحاجی عدیل ،فرحت اللہ بابراور مشاہد حسین نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو ''انٹرنیشنلائز'' کرنیکی ضرورت ہے۔ راجا ظفرالحق کا کہنا تھا کہ بھارت کارگل جنگ کے بعدسے پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا مہم جاری ہے۔ صغریٰ امام نے کہاکہ پاکستان کو خارجہ پالیسی کو موثر بنانیکی ضرورت ہے۔

پاک ایران سرحدپرتازہ ترین صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کی باہمی سرحد پر لوگوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے۔دونوں ممالک کے مابین اچھے تعلقات ہیں اور محض چندعناصر سرحد پر دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہیں،آن لائن کے مطابق سرتاج عزیز نے بتایا کہ اگر بھارت کشمیر میں ریفرنڈم کی پیشکش کرے تو ہم مقررہ وقت میں اس پرعملدرآمد کویقینی بنائیں گے۔ نمائندے کے مطابق سینیٹ قائمہ کمیٹی پانی وبجلی کا اجلاس سینیٹرزاہدخان کی زیرصدارت ہوا۔ چیئرمین نے کہاکہ بجلی صارفین کو زائد بل بھجوانے کا ذمے دارنیپرا ہے ۔
Load Next Story