اسپنرز یاسر شاہ اور فواد احمد میں رشتہ داری نکل آئی

پاکستانی نژاد بولر نے کینگرو بیٹسمینوں کے سامنے کزن کی بولنگ کا راز کھول دیا

پاکستانی نژاد بولر نے کینگرو بیٹسمینوں کے سامنے کزن کی بولنگ کا راز کھول دیا۔ فوٹو : فائل

پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ اور آسٹریلیا کے فواد احمد میں رشتہ داری نکل آئی، دونوں دور کے کزن اور ایک ساتھ انڈر 19 کرکٹ کھیل چکے ہیں۔


آسٹریلیا میں پناہ کے بعد شہریت لینے والے فواد نے آسٹریلوی بیٹسمینوں کے سامنے اپنے رشتہ دار کی بولنگ کا راز بھی کھول دیا، انھوں نے کہا کہ الیکس ڈولان کو بتادیا کہ یاسر سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق فواد احمد اور یاسر شاہ کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے صوابی سے ہے،اب یہ انکشاف ہوا کہ دونوں میں دور کی رشتہ داری بھی ہے۔ فواد احمد نے ملک میں جان خطرے میں ظاہر کرکے آسٹریلیا میں پناہ لی، کرکٹ آسٹریلیا نے انھیں شین وارن کا ممکنہ جانشین سمجھ کر جلد شہریت بھی دلادی لیکن وہ موقع ملنے کے بعد اپنی صلاحیتوں کا واضح اظہار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے،اب وکٹوریہ کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے تک محدود ہیں۔

دبئی ٹیسٹ میں یاسر شاہ کی شاندار بولنگ کے بعد فواد نے آسٹریلوی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں اور یاسر شاہ آپس میں رشتہ دار ہیں، ہم دونوں انڈر 19 کرکٹ ایک ساتھ کھیلا کرتے تھے، تب بھی ان کی بولنگ کافی اچھی تھی ، مجھے انھیں قومی ٹیم میں دیکھ کر کافی خوشی ہوئی اور انھوں نے عمدہ پرفارم بھی کیا۔ فواد نے کہا کہ جب میں نے یاسر کے بارے میں سنا تو الیکس ڈولان سے بات کی اور بتایا کہ وہ لیگ اسپنر کو کس طرح کھیلے، مجھے بیٹسمینوں کی مدد کرکے خوشی ہوتی ہے، میں نے یاسر کی بولنگ کی ٹی وی پر جھلکیاں دیکھیں، وہ اچھی گیند کرتا لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ہمارے بیٹسمین اس کا اچھی طرح سامنا نہیں کر پائے۔
Load Next Story