بوکو حرام نے نائیجیرین حکومت کے ساتھ مفاہمت کی خبروں کو مسترد کردیا
نائیجیریا میں شدت تنظیم بوکو حرام نے حکومت سے مفاہمت کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بوکو حرام کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں تنظیم کے سربراہ ابو بکر شیخو نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ ان کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی ہے، اس طرح کے غلط پراپیگنڈے سے نائیجیرین حکومت اور بوکو حرام کے درمیان مستقبل میں ہونے والے امن مذاکرات منسوخ ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 3 ماہ قبل اسکول سے اغوا کی گئی 219 لڑکیاں اب بھی ان کے قبضے میں ہیں تاہم انہوں نے اسلام قبول کرلیا ہے جس کے بعد ان کی شادیاں کرادی گئیں ہیں۔
واضح رہے کہ بوکو حرام نائیجیریا میں شدت پسند مسلح تنظیم ہے، اس تنظیم نے نائجیریا کے خلاف بغاوت شروع کر رکھی ہے۔ 2009 میں بوکوحرام کی بغاوت شروع ہونے کے بعد سے مختلف وارداتوں میں اب تک ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں۔