پنجاب کے بیشتر شہروں میں پیٹرول پمپس بند ہونے سے شہری شدید مشکلات کا شکار

لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے زائد قیمتوں پر پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے کےالزام میں 5 پٹرول پمپس سیل کردیئے

لاہور میں زائد قیمت پر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر ایک پٹرول پمپ مالک اور2منیجرزکو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور:
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول پمپس مالکان نے پنجاب کے بیشتر شہروں میں پمپس بند کردیئے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی حکومت کےحکم نامےکےتحت رات12 بجےسے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات نئی قیمتوں پر فروخت کی جانی تھی لیکن لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان اور بہاولپور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں کے بیشتر پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت بند کردی گئی ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کا موجودہ ذخیرہ پرانی قیمتوں میں خریدا گیا ہے جسے وہ نئی قیمتوں پر فروخت نہیں کرسکتے۔ اس لئے نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل تک وہ اپنا کاروبار بند رکھیں گے۔

دوسری جانب لاہور میں ضلعی انتظامیہ کے مطابق زائد قیمتوں پر پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے کےالزام میں 5 پٹرول پمپس سیل کردیئےگئے ہیں جبکہ 2 پیٹرول پمپس کے منیجر کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرادیا گیا ہے۔
Load Next Story