امریکی خلائی جہاز حادثے کا شکارپائلٹ ہلاک کمپنی کا مشن جاری رکھنے کا اعلان

خلا میں جانے کےلیے کمرشل بنیادوں پر اسپیس شپ تیار کریں گے، کمپنی

ورجن کمپنی کا خلائی جہاز اپنی پرواز کے کچھ دیر بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا۔ فوٹو فائل

پہلی تجرباتی پرواز کے دوران'' اسپیس شپ ٹو'' پرواز کے کچھ دیر بعد ہی تباہ ہوگیا جس میں ایک پائلٹ ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تاہم کمپنی نے خلا میں مشن کو کمرشل بنیادوں پر بھیجنے کا مشن جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

خلائی دنیا میں ناسا کے راکٹ گرنے کے بعد ایک اور واقعہ رونما ہوگیا جس میں ایک خلائی جہاز 'وائٹ کنگ ٹو' اپنی پہلی آزمائشی پروازکے دوران ہی امریکی ریاست کیلی فورنیا کے علاقے بیکرس فیلڈ کے صحرا میں حادثے کا شکار ہوگیا جس میں ایک پائلٹ ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

جہاز کے حادثے کو " ورجن" نامی اس کمپنی نے انتہائی غیر معمولی قرار دیتے ہوئے اپنا مشن جاری رکھنے کاعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ 2015 تک کمرشل بنیادوں پر فلائٹس خلا میں روانہ کرے گی کیونکہ کمپنی نے خلائی سفر کے لیے اب تک 700 فلائٹس بک کی ہوئی ہیں جن پر فی فلائٹ 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا خرچہ آئے گا تاہم ماہرین کے نزدیک اس حادثے کے بعد ورجن کے اس مشن کو دھچکا لگا ہے اور اس سفر کے محفوظ ہونے پر بھی سوالیہ نشان بن گیا ہے۔


ورجن کمپنی کے بانی کا کہنا ہے کہ اس پراجیکٹ میں شامل ہر شخص حادثے سے سخت غمگین ہے اور سب کی ہمدردیاں حادثے میں متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ حادثہ افسوسناک ہے لیکن وہ اپنے مشن کو مکمل کریں گے کیونکہ وہ اپنے عزم پر اب بھی قائم ہیں اور خلا میں جانے کےلیے کمرشل بنیادوں پر اسپیس شپ تیار کریں گے۔

دوسری جانب ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی فلائٹ کے لیے جو فیول استعمال کیا گیا وہ اس سے قبل کسی بھی فلائٹ کےلیے نہیں کیا گیا تھا جبکہ ماہرین کے نزدیک حادثے کی مکمل تحقیقات میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔

 
Load Next Story