ناقص فیلڈنگ کے باعث زمبابوے بھی بنگلہ دیش کو بھاری پڑنے لگا

کھلنا ٹیسٹ میں 5 وکٹ پر331 رنز، 3 ڈراپ کیچز کے بعد مساکیڈزا 154 پر ناٹ آؤٹ

میزبان سائیڈ کی پہلی باری 433 رنز پر ختم، شکیب الحسن اور تمیم اقبال کی سنچریاں۔ فوٹو : فائل

ناقص فیلڈنگ کے سبب بنگلہ دیش کوزمبابوے بھی بھاری پڑنے لگا۔

کھلنا ٹیسٹ میں تین ڈراپ کیچزکا فائدہ پانے والے ہیملٹن مساکیڈزا نے 154 کی ناقابل شکست اننگز کھیل دی، ریگس چاکابوا 75 پرناٹ آؤٹ ہیں، ٹیم نے5 وکٹ پر331رنز جوڑ لیے، پہلی باری میں 433 رنزبنانے والے بنگلہ دیش کو اب بھی102رنز کی سبقت حاصل ہے۔ تفصیلات کے مطابق تیسرے دن زمبابوے نے بنگلہ دیش کو کرارا جواب دیا، ہیملٹن مساکیڈزا نے154رنزناٹ آؤٹ بنالیے، البتہ اس کے لیے انھیں میزبان فیلڈر شمس الرحمان کا شکرگذار ہونا پڑا جنھوں نے تین کیچز ڈراپ کیے۔


زمبابوین بیٹسمین کو بالترتیب 15، 19 اور 74 پر مواقع ملے، بدقسمت بولر روبیل حسین، تیج الاسلام اور شکیب الحسن رہے، 75 پر ناقابل شکست چاکابوا اور مساکیڈزا کے درمیان چھٹی وکٹ کیلیے 142رنزکی شراکت قائم ہوچکی ہے،چاکابوا کا آسان کیچ کپتان مشفیق نے شکیب کی گیند پر گرایا، اس وقت ان کا اسکور4 تھا، اس کے بعد وہ شکیب کی ہی بولنگ پر ایل بی ڈبلیو پر ریفرل پر بھی بچ نکلے۔

اس سے قبل شکیب نے برینڈن ٹیلر(37)، کریگ ایرون(17) اور ایلٹن چگمبرا(1) کو اپنا شکار بنایا، آخری سیشن میں مبزبان اسپنرز کو کوئی کامیابی نہیں ملی، برائن چیری (25) کو تیج نے ٹھکانے لگایا جبکہ اوپنرسکندر رضا (11) بھی انہی کا شکار بنے تھے، اس سے قبل بنگلہ دیش کیلیے شکیب الحسن نے 137 اور تمیم اقبال نے 109 کی اننگز کھیلیں، محمود اللہ نے 56 رنز بنائے۔
Load Next Story