انسداد پولیو مہم 15 نومبر سے ٹاسک فورس کی زیر نگرانی شروع ہوگی

پولیو ٹیموں اور رضاکاروں کے تحفظ کیلیے پولیس فورس مقرر، ٹاسک فورس 11 یونین کونسلوں کی خصوصی مہم کی بھی نگرانی کریگی

مہم میں افسران اورعملے کی کارکردگی مانیٹر ہوگی، کمشنر، پولیو کے خاتمے کا ہدف کم وقت میں حاصل کریں گے، سیکریٹری صحت۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

لاہور:
کراچی میں پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے وزیر اعلیٰ کی جانب سے قائم ٹاسک فورس 15نومبر سے 3 روزہ انسداد پولیو مہم شروع کرے گی، مہم کے دوران شہر بھر کے 5 سال تک کے 22 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی خوراک پلائی جائے گی۔

اس بات کا اعلان کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے ٹاسک فورس کے اراکین سیکریٹری صحت اقبال درانی، ایڈیشنل آئی جی کراچی کے ہمراہ پریس کانفرنس میںکیا ، اس موقع پر وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی شہناز وزیرعلی، عالمی ادارہ صحت اور یونیسف کے نمائندے بھی موجود تھے، کمشنر نے کہا کہ امسال کراچی میں مجموعی طور پر پولیوکے21 کیسوں کی تصدیق کی گئی ہے یہ کیس کراچی کی11یونین کونسلوں میں رپورٹ ہوئے ہیں ان میں گڈاپ، بلدیہ ،اورنگی،سائٹ، لانڈھی کورنگی، لیاقت آباد کی یونین کونسلیں شامل ہیں۔


سندھ میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے عالمی ادارہ صحت، یونیسف اور روٹری کے تعاون سے کوششیں جاری ہیں جس میں پولیس سمیت اداروں کی انتھک محنت کی وجہ سے کہ کوششیں کامیاب بھی رہیں، 2012 میں سندھ سے پولیوکا خاتمہ ہوگیا تھا، عالمی سطح پر انسداد پولیوکے لیے کام کر نے والی اہم سماجی شخصیت بل گیٹس نے ضلع ملیر میں کامیاب انسداد پولیو مہم پر ضلع کے ڈپٹی کمشنر قاضی جان محمد کی تعریف کی اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا تھا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے پولیو کیسز کا سخت نوٹس لیا ہے اورجن علاقوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہواہے ان علاقوں میں ترجیحی طور پرکام کر نے کے لیے کمشنر، سیکریٹری صحت اور ایڈیشنل آئی جی پر مشتمل ٹاسک فورس قائم کردی ہے، جو حساس علاقوں میں پو لیوکے خاتمے کے لیے کام کر ے گی، انسداد پولیو ٹیموں اور رضاکاروں کو تحفظ فراہم کر نے کے لیے خصوصی پولیس فورس مقررکی گئی ہے۔

انسدادی مہم کامیاب بنانے کے لیے تمام افسران اور عملہ ذمے داری سے اپنے فرائض انجام دے گا افسران اور عملے کی کار کردگی کو مانیٹر کیا جائے گا، سیکریٹری صحت اقبا ل درانی نے کہا کہ ٹاسک فورس 11 یو نین کونسلوں میں پولیو وائرس کے خا تمے کے لیے اپنے ہدف کو کم سے کم وقت میں حاصل کرے گی، ٹاسک فورس تمام بچوں تک تمام علاقوں میں پولیو کے قطرے پلانے کے لیے رسائی ممکن بنا ئے گی۔
Load Next Story