قطرینہ انیتا نیلوفر اور نرگس سمندری طوفان نسوانی نام کیوں رکھتے ہیں

ایک قدرتی آفت کے ماضی و حال سے متعلق انوکھی معلومات

ایک قدرتی آفت کے ماضی و حال سے متعلق انوکھی معلومات۔ فوٹو: فائل

پچھلے دنوں سمندری طوفان ''نیلوفر'' کا غلغلہ بلند ہوا تو ہمارے دفتر میں ایک دلچسپ بحث چھڑگئی۔ وہ یہ کہ سمندری طوفان کے نام عموماً زنانہ کیوں رکھے جاتے ہیں؟ مثال کے طور پر قطرینہ، نیلوفر، مالا، انیتا وغیرہ۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ ایک وجہ یہ ہے کہ زنانہ ناموں کو مردانہ نام کی نسبت بولنا آسان ہے۔ دوسرے بیسویں صدی کے وسط میں جب سمندری طوفانوں کے نام رکھنے کا باقاعدہ رواج امریکا میں شروع ہوا، تو امریکی خواتین قومی موسمیاتی ادارے کو خط لکھتی تھیں کہ ان کے ناموں پر طوفان کا نام رکھا جائے۔

تاریخ سے پتا چلتا ہے کہ ویسٹ انڈیز میں ماہرین موسمیات نے پہلے پہل سمندری طوفانوں کو انسانی نام دیا۔ مثال کے طور پر 1825ء میں آنے والا ''سانتا آنا'' (Santa Ana) سمندری طوفان جس نے پورٹو ریکو میں خاصی تباہی مچائی۔ یہ نام عیسائیوں کی ایک بزرگ، سینٹ این سے ماخوذ تھا۔

1887ء میں آسٹریلوی ریاست، کوئنز لینڈ میں کلمینٹ وراج، ریاستی ماہر موسمیات مقرر ہوئے۔ ان صاحب نے یونانی و رومی دیوی دیوتائوں کے علاوہ خواتین کے نام بھی سمندری طوفانوں کو دیئے۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد امریکا نے اس روش کو جاری رکھا یعنی بیشتر سمندری طوفانوں کے نام نسوانی رکھے گئے۔

جب امریکہ و یورپ میں حقوق نسواں کا چرچا پھیلا، تو کئی خواتین رہنمائوں نے امریکی عوام کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ سمندری طوفانوں کے نام نسوانی رکھ کر عورت کی تذلیل کی جاتی ہے۔ اس روایت کے خلاف امریکی خواتین نے پُرزور احتجاج کیا، تو عالمی موسمیاتی ادارہ (ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن) جانوروں، پھولوں، کتابوں وغیرہ کے نام بھی استعمال کرنے لگا۔

سمندری طوفان کے حساب سے عالمی موسمیاتی ادارے نے دنیا کو پانچ خطوں میں تقسیم کررکھا ہے۔ ایک خطّے (ESCAP/WMO PANEL) کے رکن ممالک میں بھارت، پاکستان، تھائی لینڈ، عمان، بنگلہ دیش، سری لنکا، برما اور مالدیپ شامل ہیں۔

بدقسمتی سے درج بالا خطے کے ممالک طویل عرصہ اس امر یہ متفق نہیں ہوسکے کہ خلیج بنگال، بحیرہ عرب اور بحیرہ انڈیمان میں آنے والے سمندری طوفانوں کو کیا نام دیا جائے۔ چناںچہ بعض کو ایک، دو تین یا اے، بی، سی جیسے بچکانہ نام بھی دیئے گئے۔



آخر 2004ء میں آٹھویں ممالک نے اس نکتے پر اتفاق کر لیا کہ سبھی رکن ملک آٹھ آٹھ نام فراہم کریں گے۔ جب وہ استعمال ہوجائیں، تو پھر نئے نام تخلیق ہوں گے۔ چناں چہ تب سے آٹھوں ملکوں کے دیئے گئے نام باری باری سمندری طوفانوں کو دیئے جارہے ہیں۔ اس بار پاکستان کا نمبر تھا، چناں چہ بحیرہ عرب میں جنم لینے والے سمندری طوفان کا نام ''نیلوفر ''رکھا گیا۔

2004ء میں پاکستان نے خطّے میں واقع عالمی موسمیاتی ادارے کے دفتر کو یہ آٹھ نام فراہم کیے تھے: فانونس، نرگس، لالہ، نیلم، نیلوفر، وردا، تتلی اور بلبل۔ اب تک پانچ نام استعمال ہوچکے۔ بھارتیوں نے یہ نام دیئے: اگنی، آکاش، بجلی، جال، لہر، میگھ، ساگر اور وایو۔ ان ناموں سے عیاں ہے کہ موسمیات داں ایسے نام منتخب کرتے ہیں جو باآسانی بولے اور سمجھے جاسکیں۔ نیز وہ کسی طبقے کے جذبات مجروح نہ کریں۔

اب نیلوفر کے بعد اس خطے میں جو بھی سمندری طوفان آئے، ان کے نام اس ترتیب سے رکھے جائیں گے: پریا (سری لنکا)، کومن (تھائی لینڈ)، چھاپلہ (بنگلہ دیش)، میگھ (بھارت)، روانو (مالدیپ)، کائنٹ (برما)، ندا (عمان) اور وردا (پاکستان)۔


موسمیاتی اصطلاح میں سمندری طوفان ''استوائی طوفان ''(Tropical cyclone)کہلاتا ہے۔تاہم انگریزی میں اس کے مختلف نام ہیں مثلاً سائیکلون (Cyclone)، ٹائفون (Typhoon) یا ہریکین (Hurricane) ۔ اول الذکر نام یونانی لفظ کیکلون (Kyklon) سے نکلا جس کے معنی ہیں: چکر کھانا۔ یہ لفظ ہر قسم کے سمندری طوفان پر چسپاں ہوسکتا ہے۔

شمال مغرب بحرالکاہل کے علاقوں میں سمندری طوفان ''ٹائفون'' کہلاتا ہے۔ یہ عربی لفظ ''طوفان'' سے ماخود ہے ۔جبکہ یہ عربی لفظ خود ایک یونانی دیوتا، ٹائفون (Typhon) سے نکلا۔ یونانی دیو مالا میں یہ طوفان کا دیوتا ہے۔

شمالی بحر اوقیانوس اور شمال مشرق بحرالکاہل کے علاقوں میں سمندری طوفان کو ہریکین کہا جاتا ہے۔ یہ لفظ کیریئبین جزائر کی دیومالا میں پائے جانے والا دیوتا ،جراکین (Juracan) سے نکلا ہے۔

سمندری طوفان ہمیشہ گرم سمندر میں جنم لیتا ہے۔ جب نمی سے لدی گرم ہوا اوپر اٹھے، تو وہ ٹھنڈی ہوا کو بالائی سمت دھکیلتی ہے۔ یہ دونوں متضاد ہوائیں زمین کی گردش کے باعث رفتہ رفتہ گھومنے لگتی ہیں۔ یوں ان کے تال میل سے چکر کھاتے بادل جنم لیتے ہیں جو نہایت تیزی سے گھوم رہے ہوتے ہیں۔ ہوا کی شدت یا تیزی کے حساب سے سمندری طوفان کی پانچ اقسام ہیں۔ جس میں ہوا کی رفتار 140 میل فی گھنٹہ سے زائد ہو، وہ ''سپر سمندری طوفان'' کہلاتا ہے۔



یہ امر قابل ذکر ہے کہ تاریخ انسانی میں جس سمندری طوفان نے سب سے زیادہ جانی و مالی تباہی مچائی، اس کا نام مردانہ تھا۔ خلیج بنگال میں 3 تا 13 نومبر 1970ء جنم لینے والے سمندری طوفان کو ''بھولا'' کا نام دیا گیا۔ اس کی زد میں آکر مشرقی پاکستان اور مغربی بنگال (بھارت) میں تین تا پانچ لاکھ انسان ہلاک ہوئے۔

بھولا سمندری طوفان کی آفت یہ خصوصیت بھی رکھتی ہے کہ اس کے باعث ہی مشرقی پاکستان میں علیحدگی کے جذبات نے جنم لیا۔ تب پاکستان میں جنرل یحییٰ خان کی حکومت تھی۔ فوجی حکومت نے مشرقی پاکستان میں امدادی کارروائیاں مناسب طریقے سے انجام نہ دیں۔ اس پر مشرقی پاکستان میں اُسے شدید تنقید کا نشانہ بننا پڑا۔ نتیجتاً اگلے ماہ عام انتخابات ہوئے تو مشرقی پاکستانیوں نے حکومت مخالف اور علیحدگی کی حامی جماعت عوامی لیگ کو دھڑا دھڑ ووٹ دیئے اور اسے کامیاب کرادیا۔

ہمارے خطّے میں ہوا کی تیز رفتاری کے حساب سے خطرناک ترین سمندری طوفان ''اڑیسہ'' یا ''پردیپ'' طوفان تھا جو 25 اکتوبر تا 3 نومبر 1999ء جاری رہا۔ یہ بحیرہ جنوبی چین میں پیدا ہوا اور اس میں ہوا گھومنے کی رفتار 160 میل (2600 کلو میٹر) فی گھنٹہ تھی۔ یہ رفتہ رفتہ بھارت کی سمت بڑھا اور ریاست اڑیسہ سے جاٹکرایا۔ اس کی زد میں آکر دس ہزار انسان ہلاک ہوئے اور پونے تین لاکھ گھر تباہ ہوگئے۔ اس کی وجہ سے تقریباً پانچ کھرب روپے کا مالی نقصان ہوا۔

ہوا کی شدت کے اعتبار سے اب تک ریکارڈ شدہ سب سے خطرناک سمندری طوفان ''ایلین'' (Hurricane Allen) ہے جو 31 جولائی تا 11 اگست 1980ء جاری رہا۔ اس طوفان نے بحیرہ اوقیانوس میں جنم لیا۔ پھر امریکہ کی سمت بڑھا۔ راہ میں اس نے پورٹوریکو ہیٹی اور جمیکا کے جزائر میں تباہی مچائی۔ پھر میکسیکو اور امریکہ پر جابرسا۔ اس کی زد میں آکر 269 افراد ہلاک ہوئے۔ اس سمندری طوفان میں ایک موقع پر ہوا کی رفتار 190 میل فی گھنٹہ(305 کلومیٹر فی گھنٹہ) تھی۔

سمندری طوفان کیونکہ تباہی و بربادی لاتے ہیں، اس لیے عموماً ان کا ایسا نام نہیں رکھا جاتا جو خیرونیکی سے منسلک ہو۔ مثال کے طور پر 2004ء میں سری لنکن حکومت نے ''مہاسین'' کا نام بھی دیا تھا۔ جب 2013ء میں ایک سمندری طوفان کو یہی نام ملا، تو سری لنکا میں بدھ مت کے پیروکاروں نے زبردست احتجاج کیا۔

دراصل 277ء تا 304ء سری لنکا میں راجا مہاسین نامی حکمران گزرا ہے۔ اس نے علاقے میں بدھ مت کو فروغ دیا۔ اسی لیے کئی بدھی اسے دیوتا سمجھتے ہیں۔ چنانچہ بدھیوں کے احتجاج پر سمندری طوفان کا نام ''وریو'' رکھ دیا گیا۔
Load Next Story