دیس بدیس کے کھانے

اپنے دستر خوان کی زینت کھٹے ڈھوکلے، بیسن کی کھنڈویوں، باجرے اور قیمہ کے کباب اور کچی کڑی سے بڑھائیں

کھٹت ڈوھکلے بھارتی ریاست گجرات کے لوگوں کی من پسند غذا ہے۔ فوٹو: فائل

کھٹا ڈھوکلا



اجزا:

ہری مرچ۔۔۔۔ 20عدد، ہلدی۔۔۔۔ایک چٹکی، نمک۔۔۔۔ایک چٹکی، سوجی۔۔۔۔250گرام، دہی۔۔۔۔250گرام، مونگ کی دال۔۔۔۔ ایک کھانے کا چمچا، تیل۔۔۔۔دو کھانے کے چمچے، فروٹ سالٹ۔۔۔۔ایک کھانے کا چمچا، تیل۔۔۔۔تین سے چارکھانے کے چمچے، رائی دانہ۔۔۔۔کھانے کا چمچا، زیرہ۔۔۔۔ایک کھانے کا چمچا، ہری مرچ۔۔۔۔ایک عدد (کتر لیں)، کری پتہ۔۔۔۔2عدد، تِل۔۔۔۔۱یک کھانے کا چمچا۔

ترکیب:

کسی بھی اسٹیل کی تھالی کو ایک چائے کا چمچا تیل سے گریس کریں۔ اسٹیمر کو 2گلاس پانی ڈال کر چولھے پر اُبال لیں۔20 عدد ہری مرچوںکو درمیان سے 2 حصوں میں کر کے تل لیں۔ جب اچھی طرح کرسپی ہو جائیں تو چٹکی بھر ہلدی اور نمک چھڑکیں۔ ایک پیالے میں سوجی، دہی، مونگ کی دال اور حسبِ ضرورت پانی ڈال کر ملائیں اور پھر 15 منٹ تک چھوڑ دیں، پھر اس میں دو کھانے کے چمچے تیل اور 1کھانے کا چمچا فروٹ سالٹ شامل کرکے اچھی طرح ملائیں۔پہلے سے گریس تھالی میں مکسچر ڈال کر اسٹیمر میں رکھیںاور 15منٹ اسٹیم کرکے چولھا بند کر دیں۔اس کے بعد ٹرے باہر نکال لیں۔ ایک پین میں 3 سے 4کھانے کے چمچے تیل ڈالیں۔ اس کے بعد اس میں ایک کھانے کا چمچا رائی دانہ، 1کھانے کا چمچا زیرہ، کتری ہوئی ہری مرچ، 2اسٹکس کری پتہ اور1کھانے کا چمچا تِل کا بگھار بنائیں۔ اب ڈھوکلے کو بگھار لگا کر ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ ہرا دھنیا اور پسی ہوئی لال مرچ سے گارنش کریں۔ تلی ہوئی مرچوں اور کوکونٹ چٹنی کے ساتھ نوش کریں۔

(اسٹیمر کی جگہ آپ کوئی سی بھی عام دیگچی استعمال کر سکتی ہیں، جس کے اندر آپ پانی ڈال کر اوپر ایک تھالی رکھ دیں اور تھالی میں ڈوھکلے کا مکسچر ڈال دیں پھر دیگچی کو اچھی طرح ڈھک کر اسٹیم پر ڈھوکلا پکائیے۔

بیسن کی کھنڈویاں



اجزا:

کھنڈویوں کے لیے: بیسن(چھنا ہوا) ۔۔۔آدھی پیالی، تازہ دودھ۔۔۔آدھی پیالی، پسا ہوا لہسن ادرک۔۔۔۔ایک کھانے کا چمچا، پسی ہوئی ہلدی۔۔۔ایک چائے کا چمچا، لیموں کا رس۔۔ایک کھانے کا چمچا، ہرا دھنیا (چوپ کیا ہوا)۔۔۔ آدھی گڈی، ہری مرچیں(چوہ کی ہوئی)۔۔۔3 عدد، پنیر(کدوش)۔۔۔ایک پیالی، پسا ہوا ناریل۔۔۔ایک پیالی، نمک۔۔۔۔ حسب ذائقہ، تیل۔۔۔۔ایک پیالی۔

سالن کے لیے: پسا ہوئے ٹماٹر۔۔۔ایک پیالی، دہی(پھینٹی ہوئی)۔۔۔ایک پیالی، پسی ہوئی لال مرچ۔۔۔1/2 کھانے کا چمچا، پسی ہوئی ہلدی۔۔ایک چائے کا چمچا، پسا ہوا گرم مسالا۔۔۔۔ایک چائے کا چمچا، پسا ہوا زیرہ۔۔۔۔ایک چائے کا چمچا، پسا ہوا لہسن ادرک۔۔۔۔2 کھانے کے کے چمچے، پیاز (پسی ہوئی)۔۔۔۔ ایک پیالی، نمک۔۔۔۔ حسب ذائقہ، تیل۔۔۔چار کھانے کھانے کے چمچے، ہرا دھنیا۔۔۔۔سجانے کے لیے۔

ترکیب:

بیسن میں لہسن، ادرک ہلدی لیموںتیل دودھ اور نمک ملا لیں۔ آمیزے کو ہلکی آنچ پر گاڑھا ہونے تک پکائیں۔ اس میں ناریل ہرا دھنیا اور ہری مرچیں ملا کر اتار لیں۔ ایک ٹرے کو چکنا کریں اور بیسن کا آمیزہ اس پر ڈال دیں۔ جب ٹھنڈا ہوجائے تو اس کے ٹکڑے کاٹ لیں۔ سالن بنانے کے لئے دیگچی میں تیل گرم کر کے پیاز سنہری کرلیں، پھر لہسن ڈال کر 2 منٹ تک بھونیں، اس میں باقی تمام اجزا ڈال کر تیل اوپر آنے تک بھونیں، پھر کھنڈویاں شامل کرکے ملالیں اور ڈش میں نکال دیں۔ مزے دار کھنڈویاں ہرے دھنیے سے سجا کر پیش کریں۔

باجرے اور قیمہ کے کباب



اجزا:

قیمہ۔۔۔۔آدھا کلو، باجرے کا آٹا ۔۔۔آدھی پیالی، کُٹا ہوا ثابت دھنیا۔۔۔۔دو چمچے، کُٹی ہوئی لال مرچ ۔۔۔۔دوچمچے، ہلدی۔۔۔۔آدھا چائے کی چمچا، گرم مسالا۔۔۔۔آدھا چائے کا چمچا، نمک ۔۔۔۔حسب ضرورت، ٹماٹر ۔۔۔۔ایک عددباریک ٹکڑوں میں کٹا ہوا، ہرادھنیا۔۔۔۔ ایک گڈی ، پودینا۔۔۔۔ایک گڈی، ہری مرچ۔۔۔۔ دو عدد (باریک کتر لیں)، تیل ۔۔۔۔ تلنے کے لیے۔


ترکیب:

قیمے کو دھو کر پانی اچھی طرح چھان لیں۔ اس کے بعد سارا مسالا قیمے میں شامل کر دیں اور ساتھ تھوڑا تھوڑا باجرے کا آٹا بھی ملاتے جائیں۔ جب قیمے میں سارا مسالا اچھی طرح شامل ہو جائے، تو اسے آدھے گھنٹے کے لیے چھوڑ دیجیے۔ ایک کڑاہی میں تیل گرم کریں، لیکن تیل اتنا گرم نہ ہوکہ اس میں سے بھاپ نکل رہی ہو۔ پھر قیمے کے چھوٹے چھوٹے گولے بنا کر تیل میں ڈالتے جائیں اور نکالتے جائیے۔ گرم گرم باجرے کے کباب چٹنی کے ساتھ نوش فرمائیں۔

کچی کڑی



اجزا:

دہی ۔۔۔۔ایک پاؤ، کٹی ہوئی لال مرچ ۔۔۔۔ایک چائے کا چمچا، ہلدی ۔۔۔۔آدھا چائے کی چمچا، نمک ۔۔۔آدھا چائے کی چمچا، تیل ۔۔۔۔ دو کھانے کے چمچے، پانی ۔۔۔۔آدھی پیالی

(بگھار کے لیے)

رائی دانہ۔۔۔۔ایک چٹکی، میتھی دانہ۔۔۔۔ایک چٹکی، کڑی پتہ۔۔۔۔ دس پتے، زیرہ۔۔۔۔حسب ذائقہ، ثابت لال مرچ۔۔۔۔چار عدد۔

ترکیب:

دہی کو اچھی طرح پھنٹ کر سارے مسالے دہی میں شامل کر لیں اور پھر پانی ملا کر بھی خوب پھنٹیں۔ جب ساری چیزیں یک جان ہو جائیں ۔تو ایک فرائینگ پین میں تیل گرم کرکے بگھار کی ساری چیزیں اس میں کڑکڑایں اور دہی والے پیالے کے اوپر ڈال دیں۔ مزے دارکچی کڑی تیار ہے۔گرم گرم کھچڑی کے ساتھ نوش فرمائیں۔

چکن چنے کی دال



اجزا:

چکن۔۔۔آدھا کلو (ہڈی کے ساتھ)، چنے کی دال۔۔۔۔ ایک پاؤ، تیل۔۔۔۔ چار کھانے کے چمچے، ادرک اور لہسن کا آمیزہ۔۔۔۔دو کھانے کے چمچے، ہری مرچ۔۔۔۔چار عدد، پانی ۔۔۔۔دو گلاس، نمک۔۔۔۔ حسب ذائقہ، گھی ۔۔۔۔ایک چوتھائی کپ، پیاز ۔۔۔۔ایک عدد درمیانی، ٹماٹر۔۔۔۔ دو عدد، پسا ہوا گرم مسالا۔۔۔۔ایک چائے کا چمچا، ہرا دھنیا۔۔۔۔ ایک چوتھائی گڈی۔

(پیسٹ کے لیے)

پسا ہوا دھنیا۔۔۔۔ ایک کھانے کا چمچا، ہلدی ۔۔۔۔ایک چائے کا چمچا، پسی ہوئی لال مرچ۔۔۔۔ ایک چائے کا چمچا، پسی ہوئی کالی مرچ ۔۔۔۔ایک کھانے کا چمچا، پسی ہوئی دار چینی ۔۔۔۔آدھا چائے کا چمچا، پسی ہوئی جائفل جاوتری۔۔۔۔ آدھا چائے کا چمچا۔

ترکیب:

پہلے چکن کو چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور چنے کی دال کو تقریباً دو گھنٹے پہلے بھگو دیں۔ اب ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے ادرک لہسن کا پیسٹ اور ہری مرچ شامل کرکے ہلکی آنچ پر ایک سے دو منٹ تک بھونیں۔ پھر ایک الگ پیالے میں آدھا کپ پانی، پسا ہوا دھنیا، ہلدی، لال مرچ، کالی مرچ، دار چینی اور جائفل جاوتری ملا لیں۔ جب ادرک لہسن کا پیسٹ اور ہری مرچ تھوڑا سا پک جائیں تو پیالے میں مکس کیے ہوئے اجزا کو اس میں شامل کر کے ایک سے دو منٹ تک مزید بھونیں۔ اب اس میں چکن کے ٹکڑے شامل کر کے تین سے چار منٹ تک مزید بھونیں۔ جب چکن کا رنگ تبدیل ہو جائے، تو اس میں پہلے سے بھیگی ہوئی دال، پانی اور نمک شامل کر کے ہلکی آنچ پر بیس سے پچیس منٹ تک پکنے کے لیے چھوڑ دیں۔ پھر ایک الگ پین میں گھی گرم کر کے پیاز شامل کر کے گولڈن فرائی کرلیں اور چولھا بند کر کے ایک طرف رکھ دیں۔ اس کے بعد ٹماٹر کو گول گول کاٹ لیں۔ اب دال گل جانے کی صورت میں کٹے ہوئے ٹماٹر شامل کر کے ایک سے دو منٹ تک مزید پکائیں۔ پھر اس میں براؤن پیاز گھی سمیت اوپر سے شامل کر دیں۔ جب تیار ہو جائے تو پسا ہوا گرم مسالا اور ہرا دھنیا چھڑک کر پیش کریں۔
Load Next Story