کراچی میں فائرنگمذہبی اور سیاسی کارکن سمیت4افراد ہلاک

متحدہ کے کارکن کو نیوکراچی، اہلسنّت والجماعت کے عہدیدارکونارتھ کراچی میں نشانہ بنایا گیا

گینگ وارکا کارندہ اور30سالہ شخص کلاکوٹ میں قتل،لیاری میں جاری تصادم سے خوف وہراس فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں اہلسنّت و الجماعت کے علاقائی عہدیدار اور گینگ وار کے کارندے سمیت3 افرادہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نیوکراچی کے علاقے نارتھ کراچی پاورہاؤس چورنگی کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 32سالہ وسیع الدین شیخ زخمی ہوگیا جوبعدازاں عباسی شہید اسپتال میں دوران علاج جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول وسیع الدین اہلسنت و الجماعت کا مقامی عہدیدار اور نیوکراچی سیکٹر 5-G مکان نمبر 100/13کا رہائشی تھا، ڈی ایس پی ارشاد بھٹو نے بتایاکہ واقعہ فرقہ ورانہ ہے، مقتول 2010 میں قتل کیے جانے والے اہلسنت والجماعت کے رہنماعبد الغفورندیم کاگن مین اوران کے قتل کاعینی شاہد تھا،کلاکوٹ کے علاقے لیاری جھٹ پٹ مارکیٹ آفتاب کلینک والی گلی میں موٹرسائیکل سوار ملزمان ایک مغوی کی لاش پھینک کرفرارہو گئے۔


اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کوتحویل میں لے لیا۔مقتول کی شناخت 20 سالہ محمد عرفات عرف اقبال بھرا ولد محمد اسلم کے نام سے کی گئی، وہ جھٹ پٹ مارکیٹ کے قریب کا رہائشی اور عذیرگروپ کے چند روز قبل مقابلے میں مارے جانے والے سرور بلوچ کاکارندہ تھا، ذرائع نے بتایا کہ عرفات کو بابا لاڈلا کے کارندے سالم بلوچ ، بلال آنکھیں اور علی جھٹ پٹ ہفتے کوگھرکے قریب سے اغوا کرکے لے گئے تھے اور3 گھنٹے بعد سر پر گولی مار کرلاش پھینک کر فرارہوگئے جبکہ دوسرے واقعے میں کلاکوٹ کے علاقے میوہ شاہ روڈغفورہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30سالہ عقیل شاہ ولد اقبال شاہ ہلاک ہوگیا۔

مقتول نوالین گلی نمبر3 کا رہائشی اورموٹرسائیکل مکینک تھا، مقتول کومخبری کرنے کے شبہے میںہلاک کیاگیا، لیاری میں گزشتہ کئی روز سے جاری آپریشن اورگینگ وار کے کارندوں میں تصادم کے باعث علاقے میں شدید خوف ہراس پایا جاتا ہے اورپولیس بھی رات کے اوقات میں علاقے میں گشت کرنے سے گریزکرتی ہے۔ علاوہ ازیں نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے میں نامعلوم کارسوار افراد نے نورانی مسجد کے قریب سے 25 سالہ عثمان کو اغوا کیا اورکارکے اندرہی سر پرگولی ماردی ، ایس ایچ او محمد علی نے بتایا کہ ملزمان عثمان کو چلتی کار سے پھینک کر فرار ہوگئے بعد ازاں عثمان عباسی شہید اسپتال میںدوران علاج دم توڑ گیا ، عثمان نیوکراچی کا رہائشی اورمتحدہ قومی موومنٹ کا کارکن تھا، مقتول عثمان کا علاقے میں پان کا کیبن تھا۔
Load Next Story