کیویز کو فالو آن نہ کرانے کا فیصلہ درست ہے حنیف محمد

مواقع ضائع نہ ہوتے تو مہمان ٹیم اس سے بھی کم اسکور پر ڈھیر ہوسکتی تھی، سابق قائد

مواقع ضائع نہ ہوتے تو مہمان ٹیم اس سے بھی کم اسکور پر ڈھیر ہوسکتی تھی، سابق قائد فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد نے کیویز کو فالوآن نہ کرانے کے فیصلے کو درست قرار دیدیا ہے۔


ان کے مطابق پاکستانی بولرز خاص طور پر راحت علی نے وکٹ کا بھر پور فائدہ اٹھاکر نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 262 رنز تک محدود رکھا، پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کی کامیابی کا امکان مزید روشن ہوگیا ہے۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے دور کے عظیم بیٹسمین نے کہا کہ گھاس نہ ہونے کی وجہ سے ٹرن لینے والی وکٹ پر ہمارے بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی، حریف ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کا کریڈٹ راحت علی کو جاتا ہے جنھوں نے نپی تلی گیندیں کیں اورمحض 22 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، ذوالفقار بابر نے بھی وکٹ کا بھرپور فائدہ اٹھایا، اگر ملنے والے مواقع ضائع نہ ہوتے تو کیویز اس سے بھی کم اسکور پر ڈھیر ہوسکتے تھے۔

ایک سوال پر حنیف محمد نے کہا کہ کپتان مصباح الحق نے فالوآن نہ کرانے کا درست فیصلہ کیا، آخری اننگز میں وکٹ مزید ٹرن لے گی جس کا ہمارے اسپنرز کو فائدہ پہنچے گا، انھوں نے کہا کہ پاکستان کو چوتھے روز کھانے کے وقفے تک 500 رنز کی مجموعی سبقت حاصل کرنی چاہیے، حریف کی اس ہدف تک رسائی ناممکن ہوگی تاہم تیز کھیلنے کی کوشش میں وکٹیں نہ گنوائی جائیں۔
Load Next Story