نیو کلیئر پاور پلانٹس کی تنصیبات کیخلاف حکم امتناع میں توسیع

ایٹمی بجلی گھروں کی تنصیب کے خلاف حکم امتناع سےروزانہ 600 ملین روزانہ کانقصان ہورہا ہے، اٹامک کمیشن کے وکیل کا موقف

معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے اس لیے مقدمے میں تمام پہلوؤں کو دیکھنا ضروری ہے، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ۔ فوٹو: فائل

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں 2 نیو کلیئرپاور پلانٹس کی تنصیبات کے خلاف حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے درخواست گذار کو جواب الجواب داخل کرانے کی ہدایت کی ہے ، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مقبول باقر اور جسٹس شاہنواز طارق پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو درخواست میں شہری نامی این جی او کے رونالڈ ڈی سوزا اور امینہ جیلانی نے بھی فریق بننے کی درخواست دائر کی ۔

بدھ کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے وکیل انور منصور خان نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ کہا کہ درخواست گزار پاکستان میں بجلی کے پیدوار کے حوالے سے میگا پروجیکٹ کے خلاف درخواست دائر کرکے عدالت کو گمراہ کررہے ہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے اس لیے مقدمے میں تمام پہلوؤں کو دیکھنا ضروری ہے، عدالت قانون کے مطابق فیصلہ دے گی، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے وکیل انور منصور خان نے اپنے د لائل میں کہا کہ عدالت کے روبرو درست حقائق پیش نہیں کیے جارہے متعدد پہلونظر انداز کیے جارہے ہیں ، انھوں نے بینچ کو بتایا کہ عدالت کے حکم امتناع کی وجہ سے روزانہ بنیادوں پر 600ملین کا نقصان ہورہا ہے ۔


دریں اثناء جسٹس احمد علی شیخ اور جسٹس محمد فاروق شاہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے متحدہ کے تین کارکنوں کی گمشدگی کے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے مدعا علیہان کو نوٹس جاری کردیے ، درخواست گذار مسمات ریحانہ مسعود ،مسمات نازیہ ندیم اور دانیال فرید کے وکیل محمد عمران میو نے موقف اختیار کیا تھا کہ محمد یاسین ولد فضل دین اور راشد علی کو رینجرز نے 10اکتوبر کو اسلامیہ کالونی اورنگی ٹاؤن سے ان گھروں سے حراست میں لیا جبکہ 11نومبر کو رینجرز نے جمشید روڈ کے علاقے مارٹن کوارٹر میں گھر پر چھاپہ مارکر ندیم الدین کو حراست میں لیا ،جو تاحال لاپتہ ہیں ۔

رینجرز ان کو اب تک نہ تو پولیس کی تحویل میں دیا ہے اور نہ ہی کسی عدالت میں پیش کیا ہے،انھوں نے کہا کہ یہ تینوں سیاسی کارکنان ہیں، خدشہ ہے کہ انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث نہ کردیا جائے،عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے 27نومبر تک فریقین سے رپورٹ طلب کرلی۔
Load Next Story