چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے حکومت کو 24 نومبر تک کی ڈیڈ لائن

اگر 24 نومبر تک تقرری نہ کی گئی توقائم مقام چیف الیکشن کمشنرجسٹس انورظہیرجمالی کی نامزدگی ازخود ختم ہوجائے گی،عدالت

اگر 24 نومبرتقرری نہ کی گئی توقائم مقام چیف الیکشن کمشنرجسٹس انورظہیرجمالی کی نامزدگی ازخود ختم ہوجائے گی،عدالت۔ فوٹو؛فائل

ISLAMABAD:

سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے وفاقی حکومت کو 24 نومبر تک آخری مہلت دے دی۔



جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے موقف اختیار کیا کہ وزیراعظم اور قائدحزب اختلاف نے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے حوالے سے تین ناموں پر مشاورت کی اور تینوں نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوانے تھے لیکن ان میں سے 2 افراد نے عہدہ قبول کرنے سے معذرت کرلی تاہم اب وزیراعظم سرکاری دورہ پر جبکہ اپوزیشن لیڈرعلاج کے لئے ملک سے باہر ہیں اس لئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے مہلت دی جائے۔ اس موقع پرجسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ عدالت پہلے بھی حکومت کو کافی وقت دے چکی ہے،اگر حکومت کو مزید وقت دے دیا جائے تو یہ نہ ہو کہ وزیراعظم کے مزید بیرونی دورے ہوں اور تقرری کا عمل نہ ہوسکے توکیا ہوگا جس پر اٹارنی جنرل کا کہنا تھا اب ایسا نہیں ہوگا۔


عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے حکومت کو 24 نومبر تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئےقراردیا کہ اگر24 نومبرتک چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر تقرری نہ کی گئی تو قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس انور ظہیر جمالی کی نامزدگی ازخود ختم ہوجائے گی جس کے لئے کسی نوٹی فکیشن کی ضرورت نہیں۔

Load Next Story