مچل جانسن نے آئی سی سی کے پلئیر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا
آسٹریلیا کے پیسر بولر مچل جانسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں آئی سی سی کے پلئر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرلیا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری تازہ رینکنگ کے مطابق 26 اگست 2013 سے 17 ستمبر 2014 کے دوران مچل جانسن نے 15.23 کی اوسط سے ٹیسٹ کرکٹ میں 59 وکٹیں حاصل کی جبکہ گزشتہ سال دسمبر میں انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 40 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں جس کے بعد مچل جانسن کو ٹیسٹ کرکٹ میں سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔مچل جانسن تیسرے آسٹریلوی کھلاڑی ہیں جنہیں رکی پونٹنگ اور مائیکل کلارک کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔
آئی سی سی کی جانب سے مچل جانسن کو سر گارڈفیلڈ سوبر ٹرافی کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کے بعد مچل جانسن واحد کھلاڑی ہیں جو یہ ایوارڈ 2 مرتبہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اس سے قبل انہوں نے 2009 میں بھی سر گارڈفیلڈ سوبر ٹرافی کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا جبکہ رکی پونٹنگ نے لگاتار 2006 اور 2007 میں یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ سرگارڈ فیلڈ سوبر ٹرافی کا اعزاز حاصل کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں راہول ٹریوڈ، جیک کیلس، انڈریو فلنٹف، شیونارائن چندرپال، سچن ٹنڈولکر، جوناتھن ٹروٹ، کمار سنگاکارا اور مائیکل کلارک شامل ہیں۔