کرپشن چھپانے کیلئے نوازشریف اور آصف زرداری نے مک مکا کیا ہوا ہے عمران خان

30 نومبر كو عوام كا سمندر اسلام آباد امڈ آئے گا جو حكمرانوں سے انصاف لے كر رہے گا،چیرمین تحریک انصاف

حکمرانوں نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے اور اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے لیکن انہیں کوئی نہیں پکڑتا، عمران خان فوٹو: ایکسپریس

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے کرپشن چھپانے کے لئے مک مکا کرلیا ہے جب کہ مولانا فضل الرحمان بھی ان سے مل گئے ہیں۔

اسلام آباد میں آزادی دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دیگر الزام کے ساتھ ساتھ آج تحریک انصاف کا چیرمین عمران خان اشتہاری بھی بن گیا جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی جیسے شریف انسان کو بھی اشتہاری بنادیا گیا کیونکہ حکمران پی ٹی آئی اور تحریک انصاف سے ڈرے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اسٹیشن پر حملے کے الزام میں نئے پاکستان کے لئے آنے والے نوجوان کارکن کو 27 دن کے لئے جیل میں ڈالا گیا حالانکہ تحریک انصاف کا ایک بھی کارکن پی ٹی وی کی عمارت کے قریب نہیں گیا اور جس وقت حملہ ہوا میں کنٹینر میں سورہا تھا۔


عمران خان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے اور اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے لیکن انہیں کوئی نہیں پکڑتا، معاشرے میں جب انصاف کا قانون نہ ہو تو معاشرہ تباہ ہوجاتا ہے، ملک ميں جزا و سزا كا كوئی قانون نہيں، يہاں اميروں كے لئے الگ اور غريبوں كے لئے الگ قانون ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے کرپشن چھپانے کے لئے مک مکا کرلیا ہے جب کہ مولانا فضل الرحمان بھی ان سے مل گئے ہیں، شریف برادران پرویز مشرف سے این آر او کر کے بیرون ملک گئے اور آج ان کا پورا خاندان پیسے بنانے میں لگا ہوا ہے، نواز شریف نے پیسے دے کر چھانگا مانگا کی سیاست شروع کی اور بیٹی مریم نواز کو 100 ارب کے فنڈ پر بٹھایا لیکن انہیں کوئی نہیں پکڑے گا کیونکہ وہ بزنس مین ہیں جو سب کے ضمیروں کا سودا کرلیتے ہیں۔

تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ دھرنے كے لئے بینک اكاؤئنٹ ميں ساڑھے 8 كروڑ روپے جمع ہو گئے ہيں جب كہ 30 نومبر كو عوام كا سمندر اسلام آباد امڈ آئے گا جو حكمرانوں سے انصاف لے كر رہے گا۔
Load Next Story