ٹی وی نہ دیکھنے کے 10 فائدے

زندگی بڑی خوب صورت ہے، اسے غیر فطری ٹی وی پروگرام کی بھینٹ نہ چڑھائیے۔

زندگی بڑی خوب صورت ہے، اسے غیر فطری ٹی وی پروگرام کی بھینٹ نہ چڑھائیے۔ فوٹو: فائل

ذیل میں ایسے 10 فوائد پیش خدمت ہیں جو ٹی وی نہ دیکھنے سے آپ کو ملیں گے۔ بطور تجربہ آپ ایک ہفتہ ٹی وی نہ دیکھیے۔ شروع میں آپ اپنے اندر خلا محسوس کریں گے، جیسے سگریٹ یا ہیروئین چھوڑنے پر نشئی کو احساس ہوتا ہے۔ مگر ثابت قدمی دکھائی، تو حاصل ہونے والے فوائد سے آپ بخوبی لطف اندوز ہوں گے۔

1- وقت بچائیے

ہمارا قیمتی وقت کھا جانا ٹی وی کی سب سے بڑی خامی ہے۔ ایک تازہ تحقیق کے مطابق پاکستانیوں کی اکثریت روزانہ تین چار گھنٹے ٹی وی دیکھتی ہے۔ گویا جاگتے ہوئے ان کا 20 سے 25 فیصد وقت ٹی وی کھا جاتا ہے۔

اب سوچیے کہ آپ کو اچانک 25 فیصد مزید وقت مل جائے... یہ فی سال تین ماہ بنتا ہے۔ اس ملنے والے وقت میں آپ ورزش کیجئے، دیگر صحت مند سرگرمیاں اپنائیے اور اپنا معیار زندگی بہتر بنائیے۔

ایک ماہر نے تخمینہ لگایا ہے، اگر 80 سالہ مرد یا عورت روزانہ چار گھنٹے ٹی وی دیکھے، تو یہ عرصہ ''116,800'' گھنٹے بنتا ہے۔ جبکہ وہ صرف ''98,000'' گھنٹے کام پر خرچ کرتا ہے۔ یعنی بحیثیت قوم پاکستانی روزانہ ''کروڑوں گھنٹے'' یعنی سالانہ ''اربوں گھنٹے'' ٹی وی دیکھنے میں ضائع کرتے ہیں۔ سوچیے، پاکستانی قوم اس ڈبے سے پیچھا چھڑا لے، تو اس وقت میں کئی مفید کام کرسکتی ہے۔

2- ذہنی دباؤ سے نجات پائیے

بہت سے مرد و زن اہم کاموں کو پس پشت ڈال دیتے ہیں تاکہ ٹی وی دیکھنے کے لیے وقت نکال سکیں۔ بعدازاں ملتوی شدہ کام ان کے سر پر سوار ہوکر انہیں ذہنی دبائو کا شکار بنا ڈالتا ہے۔ مزید برآں انہیں یہ خیال بھی دق کرتا رہتا ہے کہ وہ اپنے خاندان والوں اور صحت مند سرگرمیوں کے لیے وقت نہیں نکال پاتے۔

اور جب وہ ذہنی تھکن کا شکار ہوجائیں اور مزید کام کرنے کے لیے اپنے اندر توانائی نہ پائیں تو... تو پھر ٹی وی دیکھتے ہیں۔ سو وہ جان لیوا چکر میں پھنس جاتے ہیں۔ چناں چہ ایک ہفتہ ٹی وی سے دور رہیے پھر دیکھیے کہ آپ کی زندگی میں کیسا انقلاب آتا ہے۔

3- موٹاپے سے چھٹکارا پائیے

ٹی وی دیکھتے ہوئے انسان عموماً پروگرام میں کھو جاتا ہے۔ تب وہ ٹی وی دیکھتے کھانا کھا رہا ہو تو عموماً ضرورت سے زیادہ کھا جاتا ہے۔ وجہ یہی کہ اسے کھانے کی مقدار کا اندازہ ہی نہیں ہو پاتا۔ ماہرین غذائیات کا کہنا ہے کہ فی کھانا یوں انسان 250 سے 300 حرارے زیادہ حاصل کرتا ہے جو اسے فربہ بنا ڈالتے ہیں۔ سو ٹی وی دیکھنا ترک کرنے کا فائدہ یہ ہے کہ انسان اپنی زائد خوراکی پر کنٹرول کر لیتا ہے۔

4- خود کو پرکشش بنائیے

کئی پاکستانیوں کی زندگی میں ٹی وی اتنا دخیل ہوچکا ہے کہ ان کی روزمرہ گفتگو دراصل پروگراموں میں ہوئی باتوں کا چربہ ہوتی ہیں اور جب ان سے حقیقی زندگی کے متعلق کوئی سوال پوچھا جائے تو وہ بغلیں جھانکنے لگتے ہیں۔

زندگی بڑی خوب صورت ہے، اسے غیر فطری ٹی وی پروگرام کی بھینٹ نہ چڑھائیے۔ سو کوئی تخلیقی کام کرکے خود کو پُرکشش، مقبول اور بامقصد بنائیے۔ مثلاً کسی سماجی سرگرمی میں حصہ لیں، کوئی کتاب لکھیے، تصویر بنائیے۔ ایسی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کئی لحاظ سے ممکن ہے۔

5- رشتوں کو مضبوط بنائیے

کئی پاکستانی گھروں میں صبح سے رات تک ٹی وی لگا رہتا ہے۔ اہل خانہ اسی کے سامنے کھانا کھاتے ہیں اور دیگر سرگرمیاں انجام دیتے ہیں۔ نتیجتاً والدین اور بچوں کو یہ موقع نہیں ملتا کہ وہ آپس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کرسکیں اور اپنے تجربات زندگی ایک دوسرے کو بتائیں۔ یوں ان کے مابین گہرا، جذباتی اور پائیداد رشتہ قائم نہیں ہو پاتا۔

یاد رکھیے، مل بیٹھ کر ٹی وی دیکھنے سے مضبوط تعلقات جنم نہیں لیتے۔ چناں چہ زندگی کا انتہائی قیمتی وقت ضائع کرنے والے اس ڈبے کو بند کیجئے اور بچوں کے ساتھ کوئی صحت مند سرگرمی اپنائیے... مثلاً کوئی کھیل کھیلیں، مل کے کھانا پکائیے، ورزش کیجئے یا چہل قدمی کیجئے۔ یہ تمام سرگرمیاں والدین اور بچوں کو قریب لاتی ہیں۔


6- ٹی وی آرام کا نعم البدل نہیں

کئی لوگ ٹی وی یہ سمجھ کر دیکھتے ہیں کہ یوں کچھ آرام مل جائے گا۔ مگر یہ بہت بڑا مغالطہ ہے۔ کیوں کہ پروگرام دیکھتے ہوئے ذہن مسلسل مصروف رہتا ہے۔ وہ کرداروں کے جذبات پروسیس کرتا اور آپ کو ذہنی و جسمانی طور پر سرگرم رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹی وی پروگرام دیکھنے کے بعد ہم تھکن اور گراوٹ محسوس کرتے ہیں۔ سونے پر سہاگا، زیادہ کھانا کھانے سے طبیعت مزید بھاری ہوجاتی ہے۔

7- نئے خیالات سے روشناس ہوئیے

ٹی وی دیکھنے والا عموماً کوئی نئی بات نہیں سیکھتا اور نہ ہی نیا تجربہ پاتا ہے۔ وہ یہی کہ دنیا میں گھومنے پھرنے، لوگوں سے باتیں کرنے اور مختلف کتب و رسائل پڑھنے سے نئی باتیں حاصل ہوتی ہیں۔ جبکہ ٹی وی دیکھنے سے انسان حقیقی دنیا سے کٹ جاتا ہے۔ سو اس ڈبے سے چھٹکارا پائیے اور دنیا میں گھوم پھر کے نئے تجربات پائیے۔ آپ کو تب ترقی کے مواقع بھی ملیں گے۔

8- ٹی وی کے نشے سے محفوظ رہیے

اگر بہت زیادہ ٹی وی دیکھا جائے، تو یہ نشہ بن جاتا ہے اسی نشے کی نمایاں علامتیں یہ ہیں:

٭خود کو پرسکون کرنے کی خاطر ٹی وی دیکھنا۔

٭مسلسل ٹی وی دیکھنا اور چاہتے ہوئے بھی اس کے سامنے سے نہ اٹھنا۔

٭اکثر خود پر غصہ کرنا اور پشیمان ہونا کہ زیادہ ٹی کیوں دیکھا جاتا ہے۔

٭ٹی وی سے دور ہونے پر گھبراہٹ محسوس کرنا۔

٭اگر آپ ایک ہفتے تک ٹی وی سے دور نہیں رہ سکتے، تب بھی یہ اس کا نشئی بننے کی علامت ہے۔ خوش قسمتی سے ٹی وی دیکھنا عادت ہے، سگریٹ یا ہیروئن پینے کے مانند جسم اس کا عادی نہیں ہوتا۔ اسی لیے انسان کوشش سے بے حساب ٹی وی دیکھنا ترک کرسکتا ہے۔

9- غیر ضروری اشیا خریدنے

کی ہڑک سے بچیے

ایک اندازے کے مطابق 65 سال کا ہونے تک ہر پاکستانی دس تا پندرہ لاکھ اشتہار ٹی وی پر دیکھ لیتا ہے۔ اب بہت سے پاکستانی ٹی وی اشتہار دیکھ کے ہی فیصلہ کرتے ہیں کہ کون سی چیز خریدی جائے۔ مسئلہ یہ ہے کہ ٹی وی اشتہار انسان میں ایسی اشیا خریدنے کی تڑپ بھی پیدا کرتے ہیں جن کی ضرورت نہیں ہوتی۔ سو ٹی وی سے دور رہنے کے باعث نت نئی چیزیں خریدنے کی تمنا بھی دم توڑ جاتی ہے۔

10- اپنے ایمان سے جڑے رہیے

آ خر میں ٹی وی نہ دیکھنے سے بحیثیت مسلمان ہمیں پہنچنے والا بڑا فائدہ یہ ہے کہ ہمارا ایمان و کردار برقرار رہتا ہے۔ پچھلے چالیس پچاس برس کے دوران پاکستان میں دو نسلیں ٹی وی پر مار دھاڑ سے بھر پور فلمیں، مادر پدر آزاد ڈرامے دیکھتے اور فحش گفتگو سنتے جوان ہوئی ہیں۔ نتیجتاً وہ اسلامی و مشرقی اقدار سے عاری ہوکر مادہ پرست بن چکیں۔ اب بزرگوں کے لیے انہیں سنبھالنا مشکل ہورہا ہے۔ اس کے باوجود پوچھا جاتا ہے ''والدین سے تربیت میں کہاں کوتاہی ہوئی ہے؟''

سو یہ حقیقت ہے کہ ٹی وی دیکھنا چھوڑ کر آپ اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں ہی نہیں انقلاب لاسکتے ہیں۔ اس کام کو کل یا پرسوں پر نہ چھوڑیئے، آج ہی سے اپنا لیجئے۔
Load Next Story