پاکستانی بیٹسمینوں کو عمدہ کارکردگی کا صلہ ملنے لگا

عالمی رینکنگ میں مصباح الحق 842پوائنٹس کے ساتھ 8ویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے،یہ ان کےکیریئرکی بیسٹ ریٹنگ ہے۔

یونس خان نے چوتھے نمبر پر موجود اینجیلو میتھیوز سے فاصلہ کم کرلیا۔ فوٹو : اے ایف پی

پاکستانی بیٹسمینوں کو عمدہ کارکردگی کا صلہ ٹیسٹ رینکنگ میں بہتری سے ملنے لگا۔ کپتان مصباح الحق8ویں پوزیشن پر موجود ہیں،یونس خان نے چوتھے نمبر پر موجود اینجیلو میتھیوز سے فاصلہ کم کرلیا، سرفراز احمد، احمد شہزاد، ذوالفقار بابر، یاسر شاہ، راحت علی اور عمران خان بھی ترقی کی منازل طے کرنے میں کامیاب رہے۔

تفصیلات کے مطابق کینگروز کا شکار کرنے کے بعد کیویز کوبھی پہلے ٹیسٹ میں مات دینے والے کئی پاکستانی کھلاڑیوں کو محنت کا صلہ مل گیا،جمعے کو جاری شدہ عالمی رینکنگ میں کپتان مصباح الحق 842پوائنٹس کے ساتھ 8ویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے، یہ ان کے کیریئر کی بیسٹ ریٹنگ ہے۔


ساتویں نمبر پر موجود ڈیوڈ وارنر سے وہ 16پوائنٹس پیچھے ہیں،یونس خان نے بہتر پرفارمنس سے چوتھے نمبر پر موجود انجیلو میتھیوز سے فاصلہ کم کرلیا، وہ سری لنکن کپتان سے 6 پوائنٹس کی دوری پر ہیں،سرفراز احمد 2 سیڑھیاں چڑھ کر 31 ویں پوزیشن پر آگئے،احمد شہزاد نے 18درجے بہتری کے ساتھ 39واں نمبر اپنے نام کے آگے درج کرایا،اظہر علی 17 اور اسد شفیق 22 ویں نمبر پر ہیں، ذوالفقار بابر نے 11بولرز کو پیچھے چھوڑ کر 31 جبکہ یاسر شاہ نے 2پر برتری پاتے ہوئے 35ویں پوزیشن پائی،راحت علی ایک ہی جست میں 23 رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے 49ویں نمبر پر آگئے،عمران خان نے 2درجے بہتری سے80ویں درجہ حاصل کیا۔

محمد حفیظ 12درجے بہتری کے باوجود ٹاپ 50میں جگہ نہیں بنا سکے اور اب تک 52ویں نمبر پر ہیں، نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم نے 16 درجے کی چھلانگ لگاتے ہوئے 55ویں پوزیشن پائی۔ بیٹسمینوں میں سنگا کارا کی بادشاہت قائم ہے،ڈی ویلیئرز دوسرے نمبر پر رہے،ٹاپ 10 کے دیگر بیٹسمین چندر پال، اینجیلو میتھیوز، یونس خان، ہاشم آملہ، ڈیوڈ وارنر، مصباح الحق، جوئے روٹ، مائیکل کلارک اور روس ٹیلر ہیں، بولرز میں ڈیل اسٹین سر فہرست جبکہ دیگر 9پوزیشنز پر بالترتیب ریان ہیرس،رنگانا ہیراتھ،مچل جونسن،جیمز اینڈرسن،ورنون فلینڈر، اسٹورٹ براڈ،کیمارروئچ،ٹم ساؤتھی اور سعید اجمل کا قبضہ ہے۔
Load Next Story