کراچی میں جعلی پاسپورٹس فروخت کرنے والا انسانی اسمگلر گرفتار

محمد شکیل نے چنیوٹ کے خاندان کو 38 لاکھ روپے کے عوض گوئٹے مالا کے جعلی پاسپورٹس فراہم کئے تھے

سینئر پولیس افسرشاہد حیات کی جانب سے ایف آئی اے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ایف آئی اے حکام انسانی اسمگلروں کے خلاف سرگرم ہوگئے ہیں فوٹو: فائل

ایف آئی اے کراچی نے چنیوٹ سے تعلق رکھنے والے خاندان کو38 لاکھ روپے کے عوض گوئٹے مالا کے جعلی پاسپورٹس فراہم کرنے والے بدنام زمانہ انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق سینئر پولیس افسرشاہد حیات کی جانب سے ایف آئی اے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ایف آئی اے حکام انسانی اسمگلروں کے خلاف سرگرم ہوگئے ہیں، 7 نومبر کوچنیوٹ سے تعلق رکھنے والی سمیرا کنول اور ان کے 2 بچے دانیا محبوب اورفاتح عالم سری لنکا سے بے دخل ہوکر کراچی ایئرپورٹ پہنچے تھے ان پرالزام تھا کہ وہ گوئٹے مالا کے جعلی پاسپورٹ پرسویڈن جانے کی کوشش کررہے تھے۔



ایف آئی اے امیگریشن نے ابتدائی تفتیش کے بعد تینوں کو انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے حوالے کردیا تھا جہاں سمیراکنول نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ یورپ جانا چاہتی تھی جہاں اس کا ارادہ سیاسی پناہ حاصل کرنے کا تھا، اس سلسلے میں عبدالقیوم نامی ایجنٹ کواس نے 38 لاکھ روپے کی ادائیگی کی تھی جبکہ اسے کراچی ایئرپورٹ پرعبدالقیوم کے توسط سے آنے والے ایک نامعلوم شخص نے گوئٹے مالا کے پاسپورٹس حوالے کئے تھے۔


،سمیرا کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کے ہمراہ پاکستانی پاسپورٹ پر کراچی ایئرپورٹ سے مالدیپ کے لئے روانہ ہوئی تھی۔ مالدیپ میں انھوں نے پاکستانی پاسپورٹ چھپالئے اور گوئٹے مالا کے پاسپورٹس کی بنیاد پر چاردن قیام کیا، وہاں انھوں نے سویڈن جانے کے لئے براستہ ترکی اپنے ٹکٹ بک کرائے، ترکی پہنچے توترکی کی امیگریشن نے ٹرانزٹ لاؤنج میں ان کے پاسپورٹ دوبارہ چیک کئے اور انھیں سویڈن جانے کی اجازت دینے سے انکارکردیا، سمیرا کنول نے بتایا کہ انھوں نے ترکی ایئرپورٹ پر اپنے پاکستانی پاسپورٹ ضائع کردیے، ترکش امیگریشن نے انھیں بے دخل کرکے مالدیپ واپس بھیج دیا جہاں سے انھیں براستہ سری لنکا واپس کراچی بھیج دیا گیا۔


ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد حیات نے خاندان کوگوئٹے مالا کے جعلی پاسپورٹ فراہم کرنے والے انسانی اسمگلروں کی گرفتاری کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے دن رات محنت کرکے عبدالقیوم نامی ایجنٹ کے توسط سے خاتون کو کراچی ایئرپورٹ پر پاسپورٹ فراہم کرنے والے بدنام زمانہ انسانی اسمگلر محمد شکیل کو گرفتار کرلیاہے، عبدالقیوم اورمحمد شکیل مذکورہ خاندان کے ہمراہ مالدیپ روانہ ہوئے تھے اور مالدیپ پہنچنے کے بعد محمد شکیل واپس پاکستان آگیا تھا جبکہ عبدالقیوم خاندان کے ہمراہ سویڈن کے لئے روانہ ہوگیا تھا، ذرائع نے بتایا کہ محمد شکیل کے بیان کی روشنی میں ایف آئی اے حکام نے خاندان کی پاکستان سے روانگی میں مددکرنے والے ایف آئی اے امیگریشن کے افسران کوبھی شامل تفتیش کرلیا ہے۔

Load Next Story