کیویز کو پاکستان کی جانب سے جوابی حملے کا خدشہ

ابھی خطرہ ہمارے سر سے ٹلا نہیں،پہلی اننگز میں430سے زائد رنز بنالیں تو سکھ کا سانس لیں گے، کیویز بیٹنگ کوچ کریگ میکملن

میچ ابھی ہمارے ہاتھ سے نہیں نکلا،کیویز نے ہر سیشن میں صرف 80 رنز ہی اسکور کیے، اوپنر شان مسعود۔ فوٹو: اے ایف پی

کیویز کو دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے جوابی حملے کا خدشہ ہے،بیٹنگ کوچ کریگ میکملن نے پہلے روز بہتر کارکردگی کے باوجود مشن کو نامکمل قرار دے دیا۔

نیوزی لینڈ بیٹنگ کوچ کریگ میکملن کا کہنا ہے کہ ابھی خطرہ ہمارے سر سے ٹلا نہیں، پہلی اننگز میں430سے زائد رنز بنالیں تو سکھ کا سانس لیں گے،انھوں نے ٹام لیتھم کو کیوی دیوار قرار دیتے ہوئے تعریفوں کے پل باندھ دیے۔ دوسری جانب پاکستان دوسرے روز مہمان ٹیم کی پیش قدمی روکنے کیلیے پُرامید ہے، اوپنرشان مسعود نے کہاکہ صبح جلد وکٹیں حاصل کرکے حریف کو دبائو میں لانے کی کوشش کریں گے۔


تفصیلات کے مطابق کیوی بیٹنگ کوچ کریگ میکملن کا کہنا ہے کہ ٹاس جیتنے کا یہ مطلب نہیں کہ ہم میچ بھی جیت گئے، ابھی کیویز نے ایک پلیٹ فارم بنایا تاہم باقی دنوں میں بھی سخت محنت کی ضرورت ہوگی، انھوں نے کہا کہ دوسرے روز کے کھیل میں پاکستان بھرپور جوابی حملہ کرسکتا ہے، حریف ٹیم ایک اضافی بولر محمد حفیظ کی خدمات سے محروم ہے ، اس کے باوجود ہمیں پہلا سیشن انتہائی محتاط انداز میں گزارنا ہوگا، اگر ہم 430 سے زائد رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے تب ہی میزبان بیٹنگ لائن کو دبائو میں لاسکیں گے۔

انھوں نے کہا کہ 22سالہ ٹام لیتھم نے مختلف کنڈیشنز میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مثال قائم کی،ان کا گیم پلان بڑا مثبت ہے،اوپنر نے دکھا دیاکہ ٹاپ آرڈر میں کس طرح کے استحکام کی ضرورت ہوتی ہے، وہ دفاع کے ساتھ اسٹروکس کا انتخاب بھی دانشمندی سے کرتے ہیں،انھوں نے سخت گرمی میں بھی مزاحمت جاری رکھتے ہوئے رنز بنانے کا سلسلہ بھی جاری رکھا، وہ گیندیں ضائع کرنے کے بجائے سنگلز ڈبلز بناتے رہتے ہیں جس سے بولر کو سیٹ اور حاوی ہونے کا موقع نہیں ملتا، انھوں نے کہا کہ کم تجربے کے باوجود ٹیسٹ کرکٹ کا مزاج سمجھ لینا ایک بڑی خوبی ہے جو کیریئر میں ٹام لیتھم کے کام آتی رہے گی۔

دوسری جانب پاکستانی اوپنر شان مسعود نے کہاکہ میچ ابھی ہمارے ہاتھ سے نہیں نکلا،کیویز نے ہر سیشن میں صرف 80 رنز ہی اسکور کیے،اگر مجموعہ300سے زائد ہوتا تو شاید تھوڑی تشویش کی بات ہوتی، صبح نئی گیند سے وکٹیں جلد حاصل کرکے دبائو بڑھانے کی کوشش کرینگے۔انھوں نے کہا کہ مجھے اوپننگ کا موقع ملا ہے تو اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کو اچھی بنیاد فراہم کرنے کیلیے پُرعزم ہوں۔
Load Next Story