پاکستان200رنز کی سبقت کے خواب دیکھنے لگا

اس میں کوئی شک نہیں کہ پچ اسپنرز کیلیے سازگار ہوگی لیکن ہمارے بیٹسمین بھی بھرپور فارم میں ہیں، ذوالفقاربابر

پُراعتماد ہوں کہ مڈل آرڈر کی عمدہ کارکردگی ہمیں 200 رنز کی سبقت دلا دیگی۔ ذوالفقاربابر۔ فوٹو : اے ایف پی

پاکستان اوپنرز کی وکٹیں جلد گنوانے کے باوجود 200رنز کی سبقت کے خواب دیکھنے لگا۔

ذوالفقار بابر کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پچ اسپنرز کیلیے سازگار ہوگی لیکن ہمارے بیٹسمین بھی بھرپور فارم میں ہیں، چوتھی اننگز میں بیٹنگ آسان نہیں، ہمیں پہلی باری میں ہی زیادہ بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی تاکہ بولرزبعد میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ تفصیلات کے مطابق دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی ٹیم نے صرف 34رنز پر 2 وکٹیں گنوا دیں، اسکے باوجود بڑی برتری کی امیدیں برقرار ہیں، لیفٹ آرم اسپنر ذوالفقار بابر نے اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے پر کہا کہ 2روز کی تھکا دینے والی فیلڈنگ کے بعد ایسا ہوجاتا ہے۔


میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پچ اسپنرز کیلیے سازگار ہوگی لیکن ہمارے بیٹسمین فارم میں ہیں، میں پُراعتماد ہوں کہ مڈل آرڈر کی عمدہ کارکردگی ہمیں 200 رنز کی سبقت دلا دیگی،انھوں نے کہا کہ ان کنڈیشنز میں میچ کی آخری اننگز کھیلنا آسان کام نہیں ہوگا،اگر ہماری بیٹنگ برتری دلانے میں کامیاب ہوگئی تو اسپنرز میچ جیتنے کا راستہ بنانے کے اہل ہیں۔

ذوالفقار نے کہا کہ دبئی کی پچ کو پیش نظر رکھا جائے تو پاکستانی بولرز نے ابتدائی 2 روز اچھا کھیل پیش کیا، کیویز ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فائدہ اٹھانے کیلیے تیار تھے لیکن ہمارے بولرز نے نپی تلی بولنگ کی وجہ سے انھیں آسانی سے رنز بنانے کا موقع نہیں دیا، پیسرز کی عمدہ کارکردگی اور لائن لینتھ کی وجہ سے ہی مجھے اور یاسر شاہ کو وکٹیں حاصل ہوئیں۔
Load Next Story