چین کے اسپتال میں چھریوں کے وار سے 6 نرسوں سمیت 7 افراد قتل
شمالی چین کے ایک اسپتال میں چھریوں کے وار سے 6 نرسوں سمیت 7 افراد کو قتل کر دیا گیا۔
چین کے مقامی میڈیا کے مطابق دارالحکومت بیجنگ کے قریب ساحلی علاقے بیدائی ہے کے ایک اسپتال میں چھریوں کے وار کر کے 6 نرسوں سمیت 7 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ قتل ہونے والوں میں اسپتال کا ایڈمنسٹریٹر بھی شامل ہے جب کہ حملے میں ایک نرس شدید زخمی بھی ہوئی۔ دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ استپال پر حملہ کرنے والے مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند برسوں سے چین میں اسپتالوں، ڈاکٹرز اور میڈیکل عملے کو اس قسم کے حملوں اور دھمکیوں کا سامنا ہے اور 2010 کے اعداد و شمار کے مطابق چین میں ڈاکٹروں پر حملوں، کاٹنے اور دھمکیوں کے 17 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ کئے گئے۔ رواں برس مارچ میں بھی چین میں ریلوے اسٹیشن پر بھی چھریوں کے وار سے حملہ کیا گیا تھا جس میں 27 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔