دبئی ٹیسٹپاکستان نے کیویز کو کچلنے کا ارادہ کر لیا

حریف ٹیم کی باقی وکٹیں جلد گرادیں تو ہدف حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، سرفراز احمد

ون ڈے میں اوپننگ کر چکا اور اگر دوبارہ یہ ذمہ داری سونپی گئی تو تیار ہوں گا، وکٹ کیپر بیٹسمین ۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے دبئی ٹیسٹ میں کیویز کو کچلنے کا ارادہ کر لیا،وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کہتے ہیں کہ حریف کی باقی وکٹیں جلد گرادیں تو ہدف حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

میچ جیت گئے تو اپنی سنچری کو بہترین اننگز قرار دوں گا، ٹیم کے کام آنے پر خوش ہوں، جس پوزیشن پر بیٹنگ کیلیے کہا جائے میں تیار ہوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے دبئی ٹیسٹ میں چوتھے روز کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ سرفراز نے پہلی اننگز میں سنچری بناکر پاکستان کو کیویز کے ٹوٹل کے قریب پہنچانے میں کلیدی کردار نبھایا، انھوں نے کہا کہ میں بیٹنگ آرڈر میں کسی بھی پوزیشن پر کھیلنے کو تیار ہوں، ون ڈے میں اوپننگ کر چکا اور اگر دوبارہ یہ ذمہ داری سونپی گئی تو تیار ہوں گا، فیصلہ کرنا مینجمنٹ کا کام ہے۔


راحت علی کے ساتھ آخری وکٹ کیلیے 81 رنز کی شراکت کے بارے میں انھوں نے کہاکہ میں نے اسد شفیق کے ساتھ اچھا آغاز کیا مگر وہ آؤٹ ہوگئے،گذشتہ روز ہم نے تیزی سے 2 وکٹیں کھو دیںجس پر میں نے راحت سے کہا کہ وہ ڈٹا رہے اور اسکور آگے بڑھانے میں مدد کرے۔

اس طرح ہم اچھی شراکت کرنے میں کامیاب رہے۔ آخری روز کے حوالے سے سرفراز نے کہا کہ وکٹ ٹرن لے رہی لیکن یہ زیادہ نہیں ہے، اگر ہم حریف سائیڈ کی باقی چار وکٹیں 50 یا 60 رنز پر گرا دیتے ہیں تو پھر ہدف حاصل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی نے سرفراز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد اس نے کافی مزاحمت کی، انھوں نے کہا کہ آخری روز وکٹ مشکل ضرور ہوگی لیکن ایسی نہیں جس پر کھیلا ہی نہ جا سکے۔
Load Next Story