شکیب زمبابوے کے جانی دشمن بن گئے

پہلے میچ میں شکیب کی آل راؤنڈ پرفارمنس کی بدولت بنگلہ دیش نے87رنز سے کامیابی حاصل کی۔

پہلے ون ڈے میں شکیب نے101 کی اننگز کھیلنے کے بعد4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ فوٹو : فائل

شکیب الحسن زمبابوے کے جانی دشمن بن گئے، ٹیسٹ کے بعد ون ڈے میں بھی عمدہ کھیل سے دہلا دیا۔


پہلے میچ میں ان کی آل راؤنڈ پرفارمنس کی بدولت بنگلہ دیش نے87رنز سے کامیابی پائی، شکیب نے101 کی اننگز کھیلنے کے بعد4 وکٹیں بھی لیں۔تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش اور زمبابوے کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل شکیب الحسن کے نام رہا، انھوں نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی اپنا جادو جگاتے ہوئے ٹائیگرز کو 87رنز سے فتح دلا دی، زمبابوین کپتان ایلٹن چگمبرا کے لیے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ سودمند نہیں رہا، میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 281رنز اسکور بورڈ پر سجادیے، ایک موقع پر ابتدائی 4 وکٹیں 70 کے اسکور پر گرگئی تھیں۔

ایسے میں شکیب الحسن نے پانچویں وکٹ کیلیے کپتان مشفیق الرحیم(65) کے ہمراہ 148کی شراکت بناکر اننگز کو دوام بخشا،یہ اس وکٹ پر ملکی شراکت کا نیا ریکارڈ بھی بنا، شکیب الحسن نے99 گیندوں پر 101 رنز بٹورے،صابر رحمان نے اختتام پر 25 گیندوں پر 44رنز ناقابل شکست بناکر ٹیم کو تقویت بخشی، تناشے پیانگرا نے 66 رنز دے کر3 شکار کیے، جواب میں زمبابوے نے ابتدائی7 اوورز میں46رنز بناکر مثبت آغاز کیا لیکن شکیب نے اپنے دوسرے اوور میں انھیں 2 ضربیں لگا دیں، مہمان ٹیم اس کے بعد نہ سنبھل سکی اور42.1 اوورز میں194 پر ہمت ہارگئی،برینڈن ٹیلر54 رنز بناکر نمایاں رہے، شکیب الحسن نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، عرفات سنی، محمود اللہ اور مشرفی مرتضیٰ نے 2،2 شکار کیے، پانچ میچز کی سیریز میں ٹائیگرز کو 1-0 کی برتری مل گئی ہے۔
Load Next Story