ویرات کوہلی آسٹریلوی چیلنج کا سامنا کرنے کیلیے تیار

طویل دورانیے کی کرکٹ میں بھارت کے 32ویں کپتان بنیں گے، دھونی سردست کلائی کی انجری سے نجات پانے میں مصروف ہیں۔

گذشتہ چار برسوں میں بھارتی ٹیم 23 اوے ٹیسٹ میچز میں سے 14 ہاری ہے اور محض 3 میں اسے کامیابی ملی جبکہ باقی ڈرا ہوئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ویرات کوہلی نے آسٹریلوی چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے کمر کس لی، بھارتی ٹیم پیر سے ایڈیلیڈ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون سے دو روزہ میچ شروع کرے گی۔

کوہلی کو مہندرا سنگھ دھونی کی عدم موجودگی میں برسبین میں 4 دسمبر سے شیڈول میچ میں ٹیسٹ کپتانی کے ڈیبیو کا موقع ملے گا، کوہلی طویل دورانیے کی کرکٹ میں بھارت کے 32ویں کپتان بنیں گے، دھونی سردست کلائی کی انجری سے نجات پانے میں مصروف ہیں، بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ دھونی سیریز کے باقی تین ٹیسٹ میچز کے لیے آسٹریلیا میں ٹیم کو جوائن کرلیں گے، آسٹریلوی پیسر پیٹر سڈل کی فقرے بازی اور میزبان کراؤڈ کے ممکنہ خراب رویے کے سوال پر کوہلی نے مقامی میڈیا کے استفسار پر کہا کہ میرے لیے یہ تجربہ ہوگا۔


کوہلی نے پیٹر سڈل کی بابت کہا کہ میں ان کیخلاف کھیل چکا ہوں، وہ خاصے پرجوش بولر ہیں، مجھے ان کی جانب سے ایسے بیانات سن کر قطعی حیرانی نہیں ہوئی، میں ایسی باتوں کا برا نہیں مناتا، مجھے بھارتی ٹیم کی قیادت کرنا پسند ہے، میں اس چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے تیار کررہا ہوں، کوہلی اگرچہ ون ڈے میں بھارتی ٹیم کی باگ ڈور سنبھال چکے ہیں لیکن ٹیسٹ میں ابھی تک انھیں یہ موقع نہیں ملا ہے، دھونی کی عدم دستیابی پر بھارتی سلیکٹرز نے دیگر دو وکٹ کیپرز وردھیمان ساہا اور نیمان اوجھا کو شامل کیا ہے۔

بھارتی اسکواڈ میں آٹھ اسپیشلسٹ بیٹسمین اور پانچ سیمرز شامل ہیں، بھارتی ٹیم کے اس دورے کے اختتام پر آئندہ برس فروری ، مارچ میں ورلڈ کپ شروع ہوجائیگا، بھارت کے لیے بیرون ممالک اپنے ریکارڈ کو بہتر کرنے کا موقع ہے، گذشتہ چار برسوں میں بھارتی ٹیم 23 اوے ٹیسٹ میچز میں سے 14 ہاری ہے اور محض 3 میں اسے کامیابی ملی جبکہ باقی ڈرا ہوئے، سیریز کے دیگر تین ٹیسٹ میچز ایڈیلیڈ، میلبورن اور سڈنی میں شیڈول کیے گئے ہیں۔
Load Next Story