سارک کانفرنس میں پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات خارج ازامکان ہے معاون خصوصی طارق فاطمی

مسئلہ کشمیرہماری خارجہ پالیسی کا ہمیشہ سےمرکزی نکتہ رہا اورتعلقات معمول پرلانے کیلئے اس کاحل ہونا ضروری ہے،طارق فاطمی

پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتا ہے اورمختلف شعبوں میں مضبوط تعلقات کا خواہشمند ہے،طارق فاطمی فوٹو: فائل

وزیر اعظم نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے سارک کانفرنس کے دوران پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کو خارج ازامکان قرار دے دیا۔


طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے اور تجارتی اور معاشی سمیت مختلف شعبوں میں مضبوط تعلقات کا خواہشمند ہے لیکن مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ہمیشہ سے مرکزی نکتہ رہا ہے اوربھارت سے تعلقات معمول پر لانے کے لئے کشمیر کا مسئلہ حل ہونا ضروری ہے جب کہ گزشتہ روز بھارتی دفتر خرجہ کے ترجمان نے سارک کانفرنس کے دوران پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کو خارج ازامکان قرار نہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کانفرنس کے دوران دونوں وزرائے اعظم کی رسمی ملاقات ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ نئی دلی میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی کشمیری حریت پسندرہنماؤں سے ملاقات کو جواز بنا کر بھارت نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ معطل کردیا تھا جس کے بعد سے جنگی جنون میں مبتلا بھارت لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈی پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ اورگولا باری کا سلسلہ جاری رکھے ہوا ہے جس کے نتیجے میں فوجی جوانوں سمیت متعدد شہری جاں بحق اورزخمی ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ علاقے سے شہری نقل مکانی تک پر مجبور ہیں۔
Load Next Story